لاہور (خصوصی نامہ نگار) نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفی ﷺ کا یوم ولادت باسعادت (عید میلاد النبیؐ) کل منگل کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ ملک بھر میں عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سے نعتیہ جلوس نکالے جائیں گے، ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوگا جبکہ صوبوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ تمام سرکاری اور نجی عمارتوں اور گھروں پر چراغاں کیا جارہا ہے۔ چھوٹے اور بڑے تمام شہروں میں عید میلاد النبیﷺ کے جلوس برآمد ہوں گے جن میں عاشقان رسولﷺ شرکت کریں گے۔ مختلف اداروں میں سیرت النبیﷺ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز، اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا جن میں علماء کرام، خطیب و مشائخ عظام ولادت باسعادت حضرت محمد مصطفیؐ پر روشنی ڈالیں گے۔ جگہ جگہ پر دودھ اور کھانے پینے کا اہتمام کیا جائے گا اور جلوسوں میں شامل لوگوں کی تواضع کی جائے گی۔