اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اوزون تہہ کے تحفظ کیلئے اپنی کوششوں کے جائزہ اور ان کو جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے عالمی برادری کے اوزون تہہ کے بچائو کیلئے بین الاقوامی اقدامات میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے اوزون تہہ کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اوزون تہہ کو انسانی سرگرمیوں نے شدید متاثر کیا ہے اور اس میں شگاف کا باعث بنی ہیں۔ شگاف نے انسانوں سمیت کرہ ارض پر موجود ہر جاندار کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔ تاہم اقوام متحدہ کے تحت ویانا کنونشن اور مونٹریال پروٹوکول کے ذریعے عالمی کوششوں کے نتیجے میں اوزون تہہ میں شگاف کو کافی حد تک کم کرنے میں کامیابی حوصلہ افزا امر ہے۔ پاکستان نے2009 ء تک اوزون تہہ کو متاثر کرنے والے کیمیائی مادوں کی پہلی قسم کو مرحلہ وار ختم کر دیا ہے اور جنوری 2020ء تک ایچ سی ایف سی میں 50 فیصد کمی کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔ 2025ء تک اپنی متعدد صنعتوں کو اوزون دوست ٹیکنالوجیز پر منتقل کر کے 67.5 فیصد کمی کے ہدف کو پورا کرنے کے راہ پر تیزی سے گامزن ہیں۔ ماحولیاتی تحفظ کیلئے جاری مشترکہ اقدامات کیلئے اپنی حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہوں، اوزون تہہ کے تحفظ کے لیے ہماری اجتماعی کوششیں ماحولیاتی تحفظ کیلئے ہماری ذمہ داری اور پائیدار ترقی کے لیے ہمارے جذبہ کی عکاسی کرتی ہیں۔ وزیر اعظم نے زور دیا کہ آئیں ہم رواں سال کے موضوع ’’ مونٹریال پروٹوکول ۔ایڈوانسنگ کلائمیٹ ایکشنز‘‘کے تحت آئندہ نسلوں کیلئے کرہ ارض کی حفاظت کی خاطر اپنی متحدہ کوششوں کو جاری رکھنے کا عزم کریں۔
اوزون تہہ کا تحفظ: عالمی برادری کے اقدامات میں پاکستان کا کلیدی کردار رہا: وزیراعظم
Sep 16, 2024