کیگالی (نوائے وقت رپورٹ) ہیٹی کے جزیرہ نما جنوبی علاقے میں سڑک پر ایندھن کے ٹرک کے دھماکے میں 24 افراد ہلاک اور 40 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے نصف بری طرح سے جھلس گئے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق ہیٹی کے وزیراعظم گیری کونیل نے ساحلی شہر میراگوانے کے قریب واقع جائے حادثے کا دورہ کیا اور کہا کہ کچھ شدید زخمیوں کو خصوصی طبی امداد کے لئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ہیٹی کی ایمرجنسی سروسز کی رپورٹ کے مطابق زخمیوں میں زیادہ تر مرد ہیں جبکہ اس کے علاوہ تین خواتین اور ایک بچہ بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔ عینی شاہد نے بتایا ٹرک کا گیس ٹینک دوسری گاڑی کی وجہ سے لیک ہو گیا تھا اور اس موقع پر لوگ ایندھن اکٹھا کرنے کے لئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے جو آگ لگنے کے نتیجے میں بری طرح جھلس گئے۔
ہیٹی: ایندھن کے ٹرک میں دھماکہ، 24 افراد ہلاک، 40 زخمی
Sep 16, 2024