لاہور (نیوز رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور 24گھنٹوں کے دوران مزید 469 بجلی چورپکڑ ے گئے ۔ ترجمان کے مطابق 150 ملزموں کیخلاف مقدمات درج کرکے 16 ملزموں کو گرفتار کر ا دیاگیا۔بجلی چوری میں ملوث تمام کنکشنز منقطع کرکے 3لاکھ82 ہزار 426 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت1 کروڑ 52لاکھ 68 ہزار921 روپے بنتی ہے۔دوران آپریشن 10کوارٹروں میں بجلی چوری پکڑی۔ایس ڈی او اسمائیل نگر کے مطابق ایک ہی پراپرٹی پر کوارٹر بنا کر ذیادہ کنکشنز لگائے گئے تھے جن میں سے کچھ بوگس بھی تھے۔ ایل ٹی کی لائن سے ڈائریکٹ سپلائی لگا کر بجلی چوری کی جا رہی تھی اور لیسکو کو ماہانہ لاکھوں کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔ایس ڈی او اسمائیل نگر نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے تمام کنکشنز منقطع کروائے اور تاریں قبضہ میں لیں۔ملزمان کیخلاف ایف آئی آرکی درخواست متعلقہ تھانہ میں جمع کرا دی گئی ہے۔محکمہ کی جانب سے ملزمان کو ڈٹیکشن بل بھی چارج کئے جائیں گے۔