عید گاہ شریف میں محفلِ جشنِ آمدِ رسول کا عقیدت و احترام سے انعقاد کیا جائیگا،پیر محمدنقیب الرحمن

Sep 16, 2024

راولپنڈی  (اپنے سٹاف رپورٹر سے) دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے امتِ مسلمہ کے اوپرنہایت با عظمت و با برکت مہینہ ربیع الاول شریف سایہ فگن ہے۔ میلاد النبی کے تذکروں سے کائنات جگمگا رہی ہے۔ آنے والے عظیم یوم 12ربیع الاول کو ربِ رحمن کا شکر بجا لانے کے لئے اور دربارِ رسالت مآب میں اپنی غلامانہ حاضری پیش کرنے کے لئے دربارِ عالیہ عید گاہ شریف میں محفلِ جشنِ آمدِ رسول کا نہایت عقیدت و احترام سے انعقاد کیا جائے گا جس میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، مشائخِ عظام، نعت خوانانِ عظام، شمعِ رسالت کے پروانے، وابستگانِ عید گاہ شریف اور اسلامیانِ پاکستان شرکت کریں گے۔ یہی محافل فروغِ عشقِ رسولِ مقبول کا ذریعہ، نفرتوں کو مٹانے والی اور وطنِ عزیز کی فضا میں امن و سلامتی پیدا کرنے کی ضامن ہیں جس میں بلا تفریقِ مسلک و مذہب مخلوقِ خدا شریک ہوتی ہے اور یہی محافل دینِ متین اسلام کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش کرتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ مبارک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطنِ عزیزکی خوشحالی، سلامتی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات، آزادی و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کرائی۔

مزیدخبریں