متروکہ وقف املاک بورڈ: اہل افسر کھڈے لائن، چھوٹے گریڈ والوں کو بڑے سکیل

Sep 16, 2024

لاہور (سید عدنان فاروق) متروکہ وقف املاک بورڈ پاکستان میں اہل افسران کو کھڈے لائن لگانے اور منظور نظر چھوٹے گریڈ کے افراد کو بڑے سکیل کا چارج دینے کا بورڈ بن گیا۔ اہل افسران کئی کئی ماہ سے اپنے سکیل کے مطابق تعیناتیوں کے لئے اعلیٰ حکام سے درخواستیں کر رہے ہیں مگر بورڈ میں موجود طاقتور لوگ جن کی اسلام آباد تک رسائی ہے کسی کی سننے کو تیار نہیں اور کبھی کارکردگی اور مختلف حیلے بہانوں سے اپنے منظور نظر چھوٹے سکیل کے افسران کو طاقتور پر سیٹوں پر بٹھا کر مبینہ طور پر  ِ’’فوائد‘‘ کے حصول کو زیادہ آسان بنانا چاہتے ہیں۔ سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے بتایا کہ بورڈ کو افسران کی کمی کا سامنا ہے ، بورڈ میں افسران کی کمی ہے اس لئے چھوٹے افسران کو اگلے سکیلز پر تعینات کیا گیا ہے۔ ایڈمن ذرائع کے مطابق بورڈ میں اس وقت بھی متعدد چھوٹے ملازمین بڑے عہدوں پر تعینات ہیں۔ جن میں منیر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر 2، جنید بٹ اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر ایڈمن 3، اکرم جوئیہ ایڈمنسٹریٹر لاہور، امجد الطاف ڈپٹی سیکرٹری (جنرل) ، حسن امتیاز ڈپٹی سیکرٹری پراپرٹیز، آصف خان ایڈمنسٹریٹر کراچی، شاہد علی ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کراچی و دیگر شامل ہیں جبکہ گریڈ انیس کے ندیم دریجو، چوہدری تنویر حسین، شیخ جاوید، فضل الرحمن بٹ سمیت متعدد افسران او ایس ڈی بنا کر کھڈے لائن لگا رکھے ہیں۔ اعلیٰ حکام کی مبینہ نا انصافیوں کے خلاف دو ملازمین نے وفاقی وزیر مذہبی امور چیئرمین ون مین کمیشن اور چیئرمین سمیت متعدد اعلٰی حکام کو خطوط لکھ کر بورڈ میں چھوٹے سکیل کے بڑے سکیلز پر تعیناتیوں سے آگاہ کر دیا، سکھر میں تعینات ایک گریڈ سترہ سپرنٹنڈنٹ رائو خان بھٹہ نے وفاقی وزیر مذہبی امور سمیت دیگر اعلیٰ حکام کے نام ایک خط میں دعویٰ کیا ہے کہ سکھر میں اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر کی خلاف قانون تعیناتی کی گئی ہے اور گریڈ 14کے ایک بورڈ انسپکٹر کو آن پے سکیل مذکورہ عہدہ پر تعینات کیا گیا جبکہ سکھر دفتر میں میرے علاوہ گریڈ 17کا ایک اور افسر بھی موجود ہے، خط میں مزید کہا گیا ہے کہ جس یہ محکمہ میں کرپشن اور من پسند لوگوں نوازنے کی ایک زندہ مثال ہے کہ گریڈ 18کے افسر کو ہٹا کر ایسے انسپکٹر کو تعینات دیا گیا۔ ایسی ہی درخواست اسسٹنٹ سیکورٹی افسر ملک زاہد امجد کی جانب سے بھی چیئرمین بورڈکو دی گئی ہے۔

مزیدخبریں