لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثفاقت پنجاب/انچارج انتظامات برائے عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم عظمٰی زاہد بخاری نے فیصل آبادکا دورہ کیا اور ڈی سی آفس میں عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے جلوسوں و محافل میلاد کے انتظامات پر بریفنگ لی۔ رکن صوبائی اسمبلی/ پارلیمانی سیکرٹری شازیہ رضوان بھی ہمراہ تھیں۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سی پی او کامران عادل نے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے عید میلاد النبیؐ تک فیصل آباد میں ذمہ داریاں سونپی ہیں اور صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق بھی ہمراہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبیؐ کے جلوسوں پر سکیورٹی کے مثالی انتظامات ہونے چاہیں۔ غلام محمد آباد اور جھنگ بازار کے جلوسوں کے لئے اضافی انتظامات کئے جائیں جبکہ مرکزی میلاد کمیٹی اور امن کمیٹی کے ارکان سے قریبی رابطہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی کی ہدایات کے مطابق سرکاری عمارات پر سبز رنگ کی لائٹنگ و سجاوٹ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبیؐ پر تمام تر انتظامی و حفاظتی اقدامات یوم عاشور کی طرز کے ہونے چاہیں۔ وزیراعلی پنجاب کی طرف سے جلوس کے روٹس پر شرکاء میں حلوہ تقسیم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و الہ وسلم کا یوم ولادت سب کے لئے یکساں خوشی کا دن ہے۔ جلوسوں کے منتظمین اور شہریوں کو حکومتی اقدامات نظر آنے چاہیں۔ میلاد/محافل کی سکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ بجلی کی بلاتعطل سپلائی کے لئے اقدامات کریں۔ دریں اثناء عظمیٰ بخاری نے فیصل آباد آرٹس کونسل کا دورہ کیا اور ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے اسلامی خطاطی نمائش کا افتتاح کر کے پوٹریٹس دیکھے۔