اسلام آباد (خبرنگار) ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ملک کو درپیش مسائل کے حل اور ملک میں ترقی خوشحالی لانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ ملک کے موجودہ سیاسی حالات کے تناظر میں تمام اتحادی جماعتیں وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا بھرپور ساتھ دیں اور پاکستان کے دونوں ایوانوں میں ایسی قانون سازی عمل میں لائی جا رہی ہے جس سے ملک ترقی و خوشحالی کی طرف گامزان ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو جو در مسائل درپیش ہیں ان کا موثر حل کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اس حوالے سے تمام سیاسی قائدین ، اتحادی جماعتوں کی قیادت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور میاں محمد نواز شریف کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں تاکہ ملک کو ان مسائل سے بہتر انداز میں نکالا جا سکے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور محمد نواز شریف کی انتھک کوششوں کی وجہ سے ہے کہ آج ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے میاں محمد نواز شریف کی ہدایت کے مطابق بجلی کی قیمتوںمیں کمی کی گئی ہے اور وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی دن رات کی کاوشوں کی وجہ سے مہنگائی میں خاطرخواہ کمی آئی ہے ۔سیدال خان نے کہا کہ بہتر قانون سازی اور موثر حکمت عملی کے تحت ملک کے حالات میں بہتری لائی جا سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ درپیش بحرانوں سے نکلنے کیلئے تمام اتحادیوں کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا میں پاکستان مسلم لیگ کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان الحق صدیقی ،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سینٹر سلیم مانڈی والا ، سینیٹر میر اسلم ابڑو ، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سینیٹر بشرا انجم بٹ صوبائی وزیر بلوچستان برائے آمدن میرعاصم خان کرد گیلو، سینیٹ میں جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر مولانا عطاء الرحمان سمیت سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں سینیٹر حاجی شکور احمد اچکزئی کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے اراکین پارلیمنٹ کو یقین دلایا کہ ملک کے بہتر حالات کے لیے ہم سب ایک ہیں اور بہتری کی جانب ہم سے جو ممکن ہو سکے گا وہ کیا جائے گا۔ ہم عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے 24 گھنٹے تیار ہیں اور اس حوالے سے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ اراکین سینیٹ بھی ملک کے بہتر مفاد کے لیے موجودہ حکومت کا ساتھ دیں اور کوشش کریں کہ ایوان میں ایسا ماحول پیدا کریں جس سے معاملات بہتری کی جانب گامزن ہو سکیں۔