بشریٰ بی بی کیخلاف نیا توشہ خانہ کیس،ایف آئی اے کو نوٹس جاری

Sep 16, 2024 | 13:40

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف نیا  توشہ خانہ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 ستمبر تک جواب طلب کر لیا۔ سوموار کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں بشریٰ بی بی کے خلاف نیا توشہ خانہ کیس کی سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی، درخواست گزار کی جانب سے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت میں وکیل سلمان صفدر نے موقف اپنایا کہ 9 ستمبر کو احتساب عدالت نے کیس منتقلی کا آرڈر کیا تھا، 10 ستمبر کو پیش ہوئے تو سپیشل جج سینٹرل ایک ہفتے کے لئے چھٹی پر چلے گئے۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ کیس 16 ستمبر کے لئے سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کے پاس مقرر ہے، جج شاہ رخ ارجمند پہلے ہی عدت کیس میں کیس سننے سے ڈھائی ماہ بعد معذرت کر چکے ہیں۔دوران سماعت عدالت میں بشریٰ بی بی نے استدعا کی کہ عدالت سپیشل جج سینٹرل کو جلد سماعت کرکے فیصلہ دینے کی ہدایت دے۔سلمان صفدر نے عدالت کو بتایاکہ ضمانت قبل از گرفتاری پر نوٹس ہو چکے تھے پھر بھی گرفتاری ہو گئی، اب ضمانت بعد از گرفتاری کا معاملہ بھی اسی طرح لٹکا ہوا ہے۔عدالت نے کیس کی سماعت  ملتوی کرتے ہوئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرکے 18 ستمبر کو جواب طلب کر لیا۔

مزیدخبریں