مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرمحمد علی سیف نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم کے نام پر اعلیٰ عدلیہ کو مفلوج کیا جا رہا ہے،ساری رات آئینی ترمیم کے لئے ووٹ مانگا جا رہا تھا مگر مسودہ کسی کو نہیں دکھایا گیا ۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اسلام آباد میں آئینی ترمیم کے نام پر ڈرامہ رچایا گیا، ساری رات آئینی ترمیم کے لئے ووٹ مانگا جا رہا تھا مگر مسودہ کسی کو نہیں دکھایا گیا، پتہ نہیں آئینی ترمیم تھا یا ایون فیلڈ کی تفصیلات جو سامنے نہیں آ رہی تھی۔انہوں نے کہا کہ مسودے کو ایک ڈرامے کی طرح تجسس میں رکھا گیا، ساری رات آئین وقانون کے ساتھ مذاق کیا گیا، اپنے مفادات کی بولیاں لگائی جا رہی تھیں ، پوری رات آئین کیساتھ کھلواڑ اور سپریم کورٹ پر شب خون مارنے کی تیاریاں ہو رہی تھی۔انہوںنے کہا کہ ترمیم کے نام پر اپنے ذاتی سیاسی مفادات کے لئے جعلی حکومت اور اتحادی ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں، جعلی حکومت ایک بار پھر سپریم کورٹ پر حملہ آور ہے، اس بار سپریم کورٹ حملے میں پیپلز پارٹی بھی ساتھ دے رہی ہے۔صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم کے نام پر اعلی عدلیہ کو مفلوج کیا جا رہا ہے، مجوزہ ترمیم کے بعد سپریم کورٹ محض ایک بے اختیار عالیشان عمارت بن کر رہ جائے گی۔
اسلام آباد میں آئینی ترمیم کے نام پر ڈرامہ رچایا گیا: بیرسٹر سیف
Sep 16, 2024 | 14:01