انسداد دہشتگردی عدالت نے پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی کے گرفتار ممبران اسمبلی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے پی ٹی آئی ایم این ایز کیخلاف تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ شیر افضل مروت، احمد چٹھہ اور دیگر ایم این ایز سے کچھ برآمد ہوا ہے؟ اس پر پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہا کہ کچھ بھی برآمد نہیں ہوا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے مقدمے میں تمام پی ٹی آئی ایم این ایز کی ضمانت بعد از گرفتاری 30، 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے گرفتار ایم این ایز میں شیر افضل مروت، شیخ وقاص، زین قریشی، احمد چٹھہ، عامر ڈوگر، یوسف خان اور نعیم علی شاہ شامل ہیں جنہیں پارلیمنٹ ہاؤس سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے گرفتار ممبران اسمبلی کا جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دے دیا تھا جب کہ اسپیکر ایاز صادق نے ایم این ایز کے لاجز کو سب جیل قرار د ےکر انہیں پارلیمنٹ لاجز میں رہنے کا حکم دیا تھا۔