بلوچستان کے دارالحکومت کے سول ہسپتال میں گذشتہ روز خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں کے سوگ میں شہرکے سرکاری اورغیرسرکاری تعلیمی ادارے، تمام کاروباری مراکز اور مارکیٹیں بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابرہے ۔ دوسری جانب شہر بھر میں آج سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں ۔ گزشتہ روز سول ہسپتال میں ہونے والے دھماکہ کا مقدمہ سول لائنز تھانے میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ کوئٹہ میں بینک مینجرسید ارشد زیدی کے قتل کے بعد ہسپتال میں جمع ہونے والے افراد پرخود کش حملہ کیا گیا تھا جس میں دو ڈی ایس پیز ، ایک ہیڈ کانسٹیبل ، ایف آئی اے کے اہلکاراورنجی چینل کے کیمرہ مین سمیت بارہ افراد جاں بحق اور پچیس زخمی ہوگئے تھے ۔