دہشت گردی کا یہ افسوسناک واقعہ کوہاٹ کے علاقے کچہ پخہ میں اورکزئی ایجنسی کے متاثرین کے کیمپ کے قریب پیش آیا ۔ متاثرین کے رجسٹریشن آفس میں لوگ راشن لینے کے لیے جمع تھے کہ ایک خودکش حملہ آور نے وہاں آکرخود کو دھماکے سے اڑا لیا جس سے گیارہ افراد جاں بحق اور بعض زخمی ہوئے ۔ جب آس پاس کے لوگ اور آئی ڈی پیز دھماکے کی آوازسن کر جائے وقوعہ پرجمع ہوگئے اورامدادی سرگرمیاں شروع کیں تو ٹھیک دس منٹ بعد دوسرا دھماکہ ہوگیا جس سے وہاں لاشوں کے انبار لگ گئے ۔ سرکاری اور غیرسرکاری ذرائع نے ابتدائی طورپر تیس افراد کے جاں بحق اورپچاس سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے جبک متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ زخمیوں میں بعض پولیس اہلکار بھی شامل ہیں ۔ کمشنر کوہاٹ ڈویژن کے مطابق دوسرے دھماکے سے زیادہ جانی نقصان ہوا ہے۔ واقعہ کےبعد شہربھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ سکیورٹی حکام نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا جس کے بعد سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ۔ پولیس حکام کے مطابق پہلا دھماکہ خودکش جبکہ دوسرا ریموٹ کنٹرول کے ذٓریعے کیا گیا ۔ پولیس نے پہلا دھماکہ کرنے والے خود کش حملہ آور کا سرملنے کا دعویٰ کیا ہے۔