ملک بھر کے صحافیوں نے کوہاٹ اورکوئٹہ بم دھماکوں میں میڈیا کے نمائندوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے

کراچی یونین آف جرنلسٹ نے کوئٹہ بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے صحافی ملک عارف کی یاد میں کراچی میں ایک جلسے کا انعقاد کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ لائف انشورنس صحافیوں کا بنیادی حق ہے، حکومت میڈیا کو اپنے مقاصد کے حصول کے لئے استعمال کرنے کی بجائے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرے۔ اس موقع پر بم دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے میڈیا کے نمائندوں کی غائبانہ نمازجنازہ بھی ادا کی گئی۔ دوسری طرف کوئٹہ میں بھی میڈیا کے نمائندوں نے جلوس نکالا، انہوں نے شہر کی مختلف شاہراہوں پر مارچ اور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا۔ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری عبدالرحمان اچکزئی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے دھماکوں میں صحافیوں کی ہلاکت کی مذمت کی۔ انہوں نے میڈیا مالکان سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر آلات فراہم کئے جائیں۔ اس موقع پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدرعبد الخالق بلوچ کا کہنا تھا کہ ملک عارف کی نماز جنازہ میں کسی بھی سیاسی یا انتظامی شخصیت کا شرکت نہ کرنا ان کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ای پیپر دی نیشن