سندھ میں نویں دسویں جماعت کے کل سے شروع ہونے والے امتحانات کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔سندھ بھر سے چون ہزار طلبہ وطالبات امتحانات میں شرکت کریں گے۔ حیدر آباد بورڈ کے تحت نو اضلاع میں ایک لاکھ چھ ہزارطلبہ و طالبات میٹرک کے امتحانات میں شریک ہوں گے۔ حیدر آباد، ٹھٹھہ ، جام شورو، ٹنڈو محمد خان، بدین ٹنڈو الہ یار، دادو، نواب شاہ اور مٹیاری میں دوسو چھ امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ نقل کی روک تھام کے لیے بیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ لاڑکانہ بورڈ کے تحت بھی میٹرک کے امتحانات کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ لاڑکانہ ڈویژن کے چھ اضلاع لاڑکانہ،قمبر ، شہداد کوٹ، شکار پور، جیکب آباد، کشمور اور ضلع دادو کے علاقے میہڑ کے بارہ ہزار سے زائد طلبہ وطالبات امتحانات میں شرکت کریں گے۔ میر پور خاص بورڈ کے تحت سانگھڑ، عمر کوٹ، میرپورخاص اور تھر پارکر اضلاع میں اکیس امتحانی مراکز بنائے گئے ہیںجبکہ نقل کی روک تھام کے لیے پندرہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ سکھر بورڈ کے زیر انتظام میٹرک امتحانات میں سکھر، نوشہرو فیروز، گھوٹکی اور خیر پور کے طلبہ و طالبات امتحانات میں شرکت کریں گے۔