بک شیلف.....”کب راج کرے گی خلق ِ خدا“ سعید آسی

Apr 17, 2013

ابو بن ادھم سے متعلق روایت ہے اُنہوں نے ایک روز خواب میںفرشتے کو دیکھا، وہ اُن بندوں کے نام درج کر رہا تھا جو اللہ سے محبت کرتے ہیں، پوچھا میرا نام درج ہے؟ جواب ملا.... نہیں۔ فرمایا میرا نام اُن میں لکھ لو جو اللہ کے بندوں سے محبت کرتے ہیں۔ دوسری رات پھر خواب دیکھا کہ وہی فرشتہ کچھ درج کر رہا ہے، پوچھاکیا لکھ رہے ہو؟ فرشتے نے کہا اُن بندوں کے نام لکھ رہا ہوں جو اللہ کے محبوب ہیں۔ پوچھا میرا نام ہے؟ فرشتے نے کہا ....سب سے اوپر۔ ازل سے خلق خدا کی خدمت صوفیاءکا طریق رہا ہے ۔
سعید آسی بھی ایسے ہی درویش منش انسان کا نام ہے جو ہر وقت اپنے معاشرے، اپنے وطن اور اپنے لوگوں کے دکھوں میں ڈوبے رہتے ہیں۔ زیر تبصرہ کتاب ”کب راج کرے گی خلق خدا“ اُن کے نوائے وقت میں چھپنے والے کالموں کا مجموعہ ہے۔ اُن کے برجستگی، سلاست اور شگفتگی سے بھرے ہوئے قلم سے نکلنے والی سیاہی مجبور، مقہور اور معتوب عوام کے حق کے لیے کلمہ¿ حق بلند کرتی ہے۔ کبھی یہ قلم عافیہ کی مظلومیت کا دفاع کرتا ہے، کبھی ڈرون حملوں کے خلاف حرکت میں آتا ہے اور کبھی اپنے حکمران طبقہ کے احتساب میں مصروف ہوجاتا ہے۔ اللہ کرے زورِ قلم اور زیادہ۔ قارئین کے لیے یہ کتاب اُن کے دل کی آواز ثابت ہوگی۔ کتاب کی ضخامت 335 صفحات، قیمت 400 روپے اور ملنے کا پتا نظریہ پاکستان اکادمی، 15-B کپور تھلہ ہا¶س، لیک روڈ، پرانی انارکلی، لاہور۔ فون: 042-37243618(تبصرہ: محمد شفیق سلطان)

مزیدخبریں