اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو الیکشن سے باہر کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، آئی ایس آئی سے پیسے لینے والوں کے کاغذات منظور اور راجہ پرویز اشرف پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا ان کے کاغذات مسترد کر دیئے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے انتخابی مہم کی قیادت کرنی ہے اور ان کو نااہل کر دیا گیا ہے۔ پی پی کے میڈیا آفس میں سنیٹر فرحت اللہ بابر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ (ق) لیگ بے نظیر بھٹو کے قتل میں ملوث نہیں ہے، جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف عدالتوں سے ضمانت کے بعد واپس وطن آئے ہیں، پیپلز پارٹی کو انتخابات سے باہر کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں، پارٹی کے تمام مرکزی رہنماﺅں کو پہلے ہی نااہل قرار دیدیا گیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سردار لطیف خان کھوسہ نے کہا کہ محض الزامات کی بنیاد پر کسی کو مجرم قرار نہیں دیا جا سکتا ہے، ہم نے بے نظیر بھٹو کے قتل کی تفتیش اقوام متحدہ، سکاٹ لینڈ یارڈ اور جائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) سے کروائی ہے، کسی نے بھی اس بات کا کوئی ثبوت یا عندیہ نہیں دیا ہے کہ مسلم لیگ (ق) یا اس کا کوئی رہنما بے نظیر بھٹو کے قتل میں ملوث ہے، صرف الزامات کی بنیاد پر کسی کو مجرم قرار نہیں دیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو ہر دور میں سیاست اور انتخابات سے باہر رکھنے کی کوشش کی گئی مگر اس میں ملک دشمن اور جمہوریت دشمن قوتیں کامیاب نہیں ہوئی ہیں، ایک دفعہ پھر پیپلزپارٹی کو گیارہ مئی کو ہونے والے انتخابات سے باہر کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، عام انتخابات سے نو ماہ پہلے ہمارے وزیراعظم کو نااہل قرار دیا گیا، اس کے بعد ہمارے دوسرے وزیراعظم اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری جنرل راجہ پرویز اشرف کے کاغذات نامزدگی بغیر کسی جواز کے مسترد کر دیا گیا ہے، انہیں کسی بھی عدالت سے سزا ہوئی ہے اور نہ ہی ان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ رینٹل پاور کیس میں ججوں کے چند ایک ریمارکس کے علاوہ ان کے خلاف کوئی چیز نہیں ہے، آئین کی دفعہ 62 میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ کسی کو بھی سزا کے بغیر نااہل قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ اس کے برعکس عدالتوں سے سزا یافتہ بالخصوص اصغر خان کیس میں مجرم قرار پانے والوں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے ہیں، ایفی ڈرین کیس مسلم لیگ (ن) کے راولپنڈی سے امیدوار نامزد ملزم ہیں مگر ان کے کاغذات بھی منظور کر لئے گئے ہیں مگر ہمارے امیدواروں کو بغیر کسی عدالتی فیصلے کے نااہل قرار دیا جا رہا ہے، یہ دوہرا معیار ہے۔ اس کا مقصد محض اور محض پیپلز پارٹی کو انتخابات سے باہر کرنا ہے مگر وہ اس میں کامیاب نہیں ہونگے۔
پیپلز پارٹی کو الیکشن سے باہر رکھنے کی سازش کی جا رہی ہے: لطیف کھوسہ
Apr 17, 2013