لاہور (کامرس رپورٹر) نگران وفاقی حکومت نے اخراجات پورے کرنے کے لئے بنکنگ سیکٹر سے 93 ارب 26 کروڑ 60 لاکھ روپے کا قرضہ حال کر لیا۔ یہ قرضہ 29 مارچ سے 5 اپریل کی مدت کے دوران حاصل کیا گیا جس سے رواں مالی سال جولائی سے 5 اپریل تک پیپلز پارٹی کی سابق حکومت اور موجودہ نگران حکومت کی جانب سے بنکنگ سیکٹر سے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لئے حاصل کئے جانے والے قرضے کا مجموعی حجم 8 کھرب 32 ارب 55 کروڑ 20 لاکھ روپے سے بڑھ کر 9 کھرب 25 ارب 81 کروڑ 80 لاکھ روپے تک پہنچ گیا۔ مجموعی قرضے میں سے شیڈول بنکوں سے لئے جانے والے قرضوں کا حجم 8 کھرب 56 ارب 83 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے جب کہ سٹیٹ بنک سے 68 ارب 98 کروڑ 30 لاکھ روپے کا قرضہ حاصل کیا گیا۔