لاہور(نامہ نگار) اسلام پورہ انویسٹی گیشن پولیس نے قادیانی لٹریچر تقسیم کرنے کے مقدمہ میں ملوث چار ملزموں کے قبضہ سے بڑی تعداد میں لٹریچر، اخبارات اور کتب برآمد کر لیں اور تین روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد انہیں عدالتی احکامات پر جیل بھجوا دیا۔ تفصیلات کے مطابق چار روز قبل اسلام پورہ کے علاقہ میں طارق بلڈنگ کے قریب چار افراد خالد اشفاق، طاہر احمد، فیصل احمد اور اظہر ظریف قادیانیوں کا ممنوعہ اخبار اور دیگر لٹریچر لوگوں میں تقسیم کرکے انہیں گمراہ کر رہے تھے۔ جس پر مقامی نوجوانوں طاہر اور عمران علی نے پولیس بلا لی۔ پولیس نے چاروں افراد خالد اشفاق، طارق احمد، فیصل احمد اور اظہر ظریف کو گرفتار کرکے حسن معاویہ کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ مقامی عدالت نے ملزموں کا تین روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جس پر پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر اسلام پورہ میں طارق بلڈنگ کے عقب میں ایک شخص طاہر کے گھر پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں گمراہ کن کتابیں، لٹریچر اور اخبارات کے علاوہ رجسٹر، بیعت نامہ و دیگر دستاویزات قبضہ میں لے لیں۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ اخبار کے ایڈیٹر عبدالسمیع اور منیجر طاہر مہدی و امتیاز احمد وڑائچ کو بھی گرفتار کرکے شامل تفتیش کیا جائے۔علاوہ ازیں پولیس کی بھاری نفری بھی اسلام پورہ طارق بلڈنگ کے قریب تعینات کر دی گئی ہے۔ دریں اثناءمقامی لوگوں نے اس واقعہ پر احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ قادیانیوں کی گمراہ کن سرگرمیوں کا نوٹس لیں۔