سابق صدر پرویز مشرف اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف الیکشن کیلئے نااہل۔ الیکشن ٹریبونل نے سابق وزیراعظم کے حلقہ این اے 51 گوجر خان سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کیخلاف اپیل مسترد کردی۔ جبکہ پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی چترال سے بھی مسترد ہونے کے بعد اب وہ بھی انتخابی عمل سے آﺅٹ ہو گئے ہیں۔ ان پر 2007ءمیں ماورائے آئین ایمرجنسی نافذ کرنے کے الزامات تھے جبکہ راجہ پرویز اشرف پر رینٹل پاور کیس اور میگا پراجیکٹس میں کرپشن کے الزامات تھے۔ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو ان فیصلوں سے عبرت حاصل کرنی چاہئے جو الیکشن میں کامیاب ہو کر اسمبلیوں میں پہنچ کر یا پھر اقتدار کی کرسیوں پر بیٹھ کر تمام ضوابط اور قوانین کو اپنے پیروں تلے روند کر اپنے مفادات کی سیاست کرتے ہیں۔ ایسے لوگ فیصلے کرتے وقت بھول جاتے ہیں کہ جب ان کا یوم حساب ہو گا تو اس کا نتیجہ کیا نکلے گا۔ عبرت کا مقام ہے۔ ہمارے 2 سابق وزرائے اعظم کو کرپشن آئینی ذمہ داریوں سے روگردانی جیسے الزامات پر نااہلی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اب وہ الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے۔ ایک سابق آمر صدر پرویز مشرف پر اکبر بگٹی اور بے نظیر بھٹو کے قتل کے حوالے سے الزامات ہیں کاش ہمارے حکمران طاقت اور اقتدار کے نشے میں ایسے کام نہ کریںجن پر بعد میں انہیں پچھتانا پڑے۔ یہ سب مکافات عمل ہے کہ جو کچھ انہوں نے بویا اب وہی کاٹ رہے ہیں۔