لاہور (خصوصی رپورٹر+ ایجنسیاں) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ خسرہ سے بچاﺅ کی ہنگامی صورتحال ہنگامی اقدامات کی متقاضی ہے۔ حکومت خسرہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔ ایک ایک بچے کی جان قیمتی ہے، قوم کے نونہالوں کو خسرہ سے بچاﺅ کیلئے جتنے وسائل درکار ہیں فراہم کئے جائیں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ خسرہ سے بچاﺅ کیلئے جنگی بنیادں پر اقدامات کئے جائیں، عوام کی آگاہی کیلئے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے بھرپور مہم چلائی جائے۔ خسرہ سے بچاﺅ اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں عوام میں آگاہی کیلئے آئمہ مساجد اور علمائے کرام کا تعاون بھی حاصل کیا جائے۔وہ ایوان وزیراعلیٰ میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ شہری ہیلپ لائن 0800-9900 پر فون کرکے خسرہ اور دیگر وبائی امراض کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو خسرے سے محفوظ بنانے کیلئے ویکسی نیشن انتہائی ضروری ہے۔ انٹرنیشنل فنڈنگ کا انتظار کئے بغیر اپنے وسائل سے ہنگامی بنیادوں پر ویکسین خریدنے کے انتظامات کئے جائیں۔ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو متحرک کیا جائے، متاثرہ علاقوں میں خسرہ کی ویکسی نیشن کی خصوصی مہم چلائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں بروقت انسداد ڈینگی اقدامات کے باعث صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی سے بچاﺅ کے بارے میں عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہی کے حوالے سے خصوصی مہم چلائی جائے۔ عوام میں مفت سپرے پمپ اور احتیاطی تدابیر کا لٹریچر تقسیم کرنے کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کی جائے۔ انسداد پولیو مہم کی بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسداد پولیو مہم 17 اپریل تک جاری رہے گی۔ اس دوران 5 برس سے کم عمر کے لاکھوں بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ دریں اثناءنگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی سے ایوان وزیراعلیٰ میں جرمنی کے سفیر ڈاکٹر سیرل نن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جرمنی اور پاکستان کے مابین دوستی کا مضبوط رشتہ قائم ہے، دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو تجارتی تعاون میں بدلنے کی ضرورت ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نجم سیٹھی سے برطانوی ہائی کمشن کے فرسٹ پولیٹیکل سیکرٹری جان ڈیرک کے علاوہ چودھری ظہیر کی قیادت میں تاجروں کے وفد نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا کہ انتخابات کا شفاف انعقاد اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، امن و امان کی صورتحال میں بہتری لانے اور جرائم پر قابو پانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے اور ہم نے بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے پنجاب میں پیدا ہونے والی صورت حال سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے۔ امید ہے کہ لوڈشیڈنگ کی صورتحال میں جلد بہتری آئے گی۔ نجم سیٹھی نے کہاکہ پنجاب حکومت صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔ تاجروں کو کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، انہوں نے کہاکہ سٹیزن پولیس لائز ان کمیٹی کو پوری طرح فعال اور متحرک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہر میں پانی کی فراہمی کی صورتحال میں فوری طور پر بہتری نہ آئی تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔