ہم نے عام آدمی کو ریلیف دیا، پنجاب میں 14یونیورسٹیاں بنائیں: پرویزالٰہی

گجرات (نامہ نگار) سابق ڈپٹی وزیر اعظم اور ق لیگ پنجاب کے صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہمارے دور حکومت میں ہماری پالیسیاں غریب لوگوں کا محور تھیںاور ہم نے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے۔ 2ارب کے فنڈز سے یونیورسٹی آف گجرات بنائی جس میں آج دو ہزار سے زائد طلباءو طالبات زیر تعلیم ہیں 1122ریسکیو اور پٹرولنگ پولیس کے منصوبے شروع کئے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے یوسی 55میں سابق ناظم ملک افتخار احمد ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ مقبرا پانڈی شاہ میں ایک اکٹھ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے حاجی مجید بٹ ، عمران گورائیہ کے ڈیرہ پر بھی مختلف کارنر میٹنگوں سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر چودھری ارشاد، محمد حنیف حیدری، سید انور علی شاہ، افتخار شاکر، عالمگیر بوبی و دیگر تاجروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ ق لیگ کا انتخابی نشان” سائیکل “ترقی کا نشان ہے جس کو گجرات والوں نے چلانا ہے جب ہم برسر اقتدار نہیں ہوتے تو گجرات کی ترقی نہیں ہوتی۔ مسلم لیگ (ن) پانچ سال برسراقتدار رہی مگر کوئی بڑا منصوبہ وہ گجرات میں نہیں لا سکے،کیونکہ میاں برادران کے آگے انکے ایم پی اےز ، ایم این اےز گونگے بہرے ہیں جبکہ ہم نے کسانوں کے لئے آسانیاں پیدا کیں، پانچ مرلہ گھروں پر ٹیکس معاف کیا اور ہر عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے بھرپور اقدامات کئے اور پنجاب میں 14یونیورسٹیاں بنائیں جبکہ سیالکوٹ موٹرویز کے منصوبے کو شہباز شریف نے آتے ہی ختم کر دیا اس کے بننے سے سیالکوٹ ، گوجرانوالہ اور گجرات کے لوگوں کو بڑا فائدہ پہنچنا تھا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر تعلیم عمران مسعود نے کہا کہ ہماری خدمت اور ہماری سیاست کھلی کتاب کی طرح ہے، عوام تمام جماعتوں کا موزانہ کر لیں، خدمت کرنے میں کون آگے ہے۔

ای پیپر دی نیشن