خسرہ سے گڑھ مہاراجہ اور جھنگ میں ایک، ایک، لاہور میں 2بچے جاں بحق

Apr 17, 2013

لاہور+کراچی (نیوز رپورٹر+نامہ نگاران) خسرہ سے گڑھ مہاراجہ اور جھنگ میں ایک، ایک لاہور میں 2بچے جاں بحق ہو گئے، پنجاب کے بعد سندھ کے مختلف اضلاع بھی خسرہ سے شدید متاثر ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے چلڈرن ہسپتال میں خسرہ سے متاثرہ 2 بچے انتقال کر گئے۔ چلڈرن ہسپتال اور میوہسپتال میں ایک ہفتے کے دوران خسرہ کے باعث 8بچے انتقال کر گئے ہیں۔گڑھ مہاراجہ سے نامہ نگار کے مطابق گڑھ مہاراجہ اور اسکے نواحی علاقوں میں خسرہ کی وبا پر قابو نہ پایا جا سکا گزشتہ روز بھی علاقہ موضع حسو بلیل میں مقامی رہائشی ذوالفقار احمد کی دس سالہ بچی شکیلہ خسرہ کی وبا سے جاں بحق ہو گئی اس طرح اب تک ہلاکتوں کی تعداد 8ہو چکی ہے۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق جھنگ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں خسرے کے مرض میں مبتلا ایک اور کم سن بچہ دم توڑ گیا اور اس طرح خسرے کے وبائی مرض سے جا ں بحق ہونے والے بچوں کی مجموعی تعداد دس ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ روز بھی ڈی ایچ کیو ہسپتال میں خسرے سے متاثرہ مزید بارہ بچوں کو داخل کروایا گیا جن میں سے دو کم سن بہنوں کو نازک حالت کے پیش نظر الا ئیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کے بعد کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع کے بچے بھی خسرہ میں مبتلا ہو گئے۔ سندھ کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 3 ماہ دوران30 ہزار سے زائد بچے خسرہ سے متاثر ہوئے۔صدر پیڈیٹرک ایسوسی ایشن آف پاکستان پروفیسر ڈاکٹر اقبال میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں خسرہ سے متاثر ہونے والے بچوں کا تعلق کورنگی، بلدیہ، قیوم آباد، نیو کراچی، لیاقت آباد اور اولڈ سٹی ایریا کے علاقوں سے ہے۔

مزیدخبریں