نواز شریف اور زرداری گلے ملے، مسکراہٹوں کا تبادلہ ’’مشرف پر کھل کر بات ہوئی‘‘ رضا ربانی کا ’’بلے‘‘ کے حوالے سے سوال پر جواب
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ +ایجنسیاں) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے آصف زرداری کا خود ہیلی پیڈ پر استقبال کیا، انہیں گلے لگاکر ہنستے مسکراتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی۔ آصف زرداری جب وزیراعظم ہائوس اپنے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہیلی پیڈ پر پہنچے تو وزیراعظم نواز شریف ان کے استقبال کیلئے پہلے سے وہاں پر موجود تھے۔ دونوں رہنمائوں میں مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا۔ وزیراعظم اور زرداری نے گرمجوشی کے ساتھ مصافحہ کیا۔ اطلاعات کے مطابق ملاقات کے لئے خورشید شاہ اور اسحاق ڈار نے اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نواز شریف نے پیپلز پارٹی سے وفود کی سطح پر ملاقات وزیراعظم ہائوس کے میٹنگ روم میں کی۔ لیکن جب وزیراعظم نواز شریف اور آصف زرداری کے درمیان ون ٹو ون ملاقات کا وقت آیا تو دونوں رہنما اپنے اپنے وفود کو چھوڑ کر بات چیت کیلئے وزیراعظم ہائوس کے وی وی آئی پی روم چلے گئے اور 20 منٹ تک بات چیت کی۔ سینیٹر رضا ربانی نے تصدیق کی وزیراعظم نواز شریف اور زرداری کی ملاقات میں سابق صدر مشرف کے بارے میں بھی کھل کر بات ہوئی۔ جب رضا ربانی سے سوال کیا گیا کہ کیا ملاقات میں کسی ’’بلے‘‘ کے بارے میں بھی بات ہوئی ہے تو رضاربانی نے کہا کہ ملاقات میں مجموعی طور پر ہر ایشو پر بات ہوئی۔ واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری ہمیشہ سابق صدر مشرف کو ’’بلا‘‘ کہہ کر مخاطب کرتے ہیں اور وہ اعلان کرچکے ہیں کہ ہم ’’ بلے‘‘ کو بھاگنے نہیں دیں گے۔سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم ہاؤس میں پونے تین گھنٹے گزارے۔ سابق صدر‘ خورشید شاہ‘ رضا ربانی اور مراد شاہ کے ہمراہ ایک بجے وزیراعظم ہاؤس پہنچے اور 3بجکر پنتالیس منٹ پر اپنے ساتھیوں کے ساتھ وزیراعظم ہاؤس سے روانہ ہوئے۔