نواز زرداری ملاقات غیر جمہوری قوتوں کیلئے پیغام ہے: فرحت اللہ بابر

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نیٹ نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان سنیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف سے آصف زرداری کی ملاقات کا مقصد غیر جمہوری قوتوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتیں جمہوری نظام کے تسلسل کیلئے اکٹھی ہیں۔ بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگرچہ اس قسم کی ملاقاتوں کا کوئی ایجنڈا نہیں ہوتا تاہم اس قسم کی ملاقاتوں سے جو پیغام جاتا ہے وہ اہم ہوتا ہے۔ ’موجودہ صورتحال کے تناظر میں جبکہ ایسی باتیں ہو رہی ہیں کہ سویلین اور جمہوری حکومت کو کچھ اطراف سے کوئی خطرہ ہے، تو اس طرح کے ماحول میں آصف علی زرداری اور وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات ایک واضح پیغام دیتی ہے کہ غیرجمہوری قوتوں کے خلاف سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔ بی بی سی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی کابینہ میں موجود اہم وزرا کے بیانات نے یہ تاثر دیا ہے کہ فوج اور حکومت کی اندرونی ناراضگی جمہوری حکومت کیلئے خطرہ بن رہی ہے۔ ایسے میں طالبان سے مذاکرات اور اب تحفظ پاکستان آرڈیننس کے ایوان زیریں سے منظور ہو جانے پر حکومت سے نالاں پیپلز پارٹی ایک بار پھر نواز شریف کی حکومت کی حمایت میں آواز بلند کریگی۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی نے تحفظ پاکستان آرڈیننس کیلئے مناسب ترامیم تیار کی ہیں جنہیں پی پی او کے سینٹ میں پیش ہونے کے بعد سامنے لایا جائیگا۔ یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے پانچ سالہ دورِ حکومت میں باوجود لاتعداد باہمی اختلافات کے جب بھی سول اور فوجی قیادت کے درمیان تناؤ کی کیفیت پیدا ہوئی، میاں نواز شریف نے بحیثیت اپوزیشن لیڈر ہمیشہ جمہوری حکومت کا ساتھ دیا حتیٰ کہ اسکی وجہ سے انہیں فرینڈلی اپوزیشن کا لقب بھی ملا۔ اسلام آباد سے خبر نگار خصوصی کے مطابق فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ملاقات کا مقصد غیر جمہوری قوتوں کو پیغام دینا ہے کہ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتیں جمہوری نظام کے تسلسل کیلئے اکٹھی ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں جبکہ ایسی باتیں ہو رہی ہیں کہ سویلین اور جمہوری حکومت کو کچھ اطراف سے کوئی خطرہ ہے، تو اسطرح کے ماحول میں آصف علی زرداری اور وزیراعظم نواز شریف کی ملاقات ایک واضح پیغام دیتی ہے کہ غیر جمہوری قوتوں کیخلاف سیاسی جماعتیں متحد ہیں۔

ای پیپر دی نیشن