خیبر پی کے: پٹواری کی نیب کو 2 کروڑ 30 لاکھ ’’مفاہمت‘‘ کے طور پر دینے کی پیشکش

Apr 17, 2014

پشاور (بی بی سی ڈاٹ کام) خیبر پی کے میں ایک پٹواری نے اپنی رہائی کیلئے نیب کے حکام کو 2 کروڑ 30 لاکھ روپے مفاہمت کے طور پر دینے کی پیشکش کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں مزید پٹواریوں کے خلاف بھی اس وقت انکوائری جاری ہے۔ نیب حکام نے بتایا ہے کہ پٹواری کو چند روز پہلے احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں نیب کی درخواست پر عدالت نے انہیں مزید 10 روز کے ریمانڈ پر نیب حکام کے حوالے کر دیا ہے۔ نیب حکام کے مطابق پٹواری سعید خان کی جائیداد انکے وسائل سے کہیں زیادہ ہے جس پر ان کیخلاف انکوائری شروع کی گئی اور حراست میں لے لیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق انکی ملکیت میں بنگلہ اور زرعی اراضی ہے جبکہ ایسی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد بھی ہے جو انہوں نے دیگر لوگوں کے ناموں یا فرضی ناموں پر لے رکھی ہے۔ نیب حکام کیلئے یہ ایک حیران کن امر تھا کہ ایک پٹواری اتنی بڑی رقم خود واپس کرنے کو تیار ہوگیا ہے۔ نیب حکام نے بتایا ہے کہ چار مزید پٹواریوں کیخلاف انکوائری جاری ہے۔

مزیدخبریں