پنجاب، خیبر پی کے، بعض شہروں میں بارش، نارووال: آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق

Apr 17, 2014

اسلام آباد+ لاہور (این این آئی+ نامہ نگاران) پنجاب اور خیبر پی کے کے بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا  ہے جو ایک دو روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ میں موسم ابر آلود رہا۔ ساہیوال، قصور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش ہوئی۔ کراچی سمیت زیریں سندھ میں درجہ حرارت بڑھنے سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گیا تاہم سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن ہوا کے کم دباؤ کے زیر اثر رہیں گے جس سے ان علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ خیبر پی کے میں چترال، دیر، کالام، دروش اور بنوں میں ہلکی بارش ہوئی جس سے ان علاقوں کا درجہ حرارت کم ہو گیا۔ کوئٹہ میں سردی کی شدت میں خاطر خواہ کمی ہوئی۔ ژوب اور لسبیلہ میں گزشتہ روز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، وسطی پنجاب اور بالائی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ نارووال میں گذشتہ روز کالی گھٹائوں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔موضع قیام پور میں آسمانی بجلی گرنے سے مزدوری سے گھر واپس آنے والا شخص جاں بحق ہو گیا، بتایا گیا ہے کہ خالد نامی شخص مزدوری کے بعد اپنے گائوں موضع قیام پور واپس جارہا تھا کہ اچانک کالے بادلوں کے ساتھ خوفناک بجلی کڑکی اور راستے میں جاتے خالد پر گری اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔علاوہ ازیں  مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت دو بچے زخمی ہو گئے۔ سہ پہر کے وقت اچانک کالی گھٹائوں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہوئی۔ جبکہ تھوڑی دیر کیلئے ژالہ باری بھی ہوئی۔ تیز بارش کے باعث نواحی قصبہ موضع وزیر پورہ کندھالہ میں اچانک ایک مکان کی چھت گر گئی جسکے ملبے تلے ایک خاتون سمیت دو بچے دب گئے۔ ریسکیو 1122نے زخمیوں کو ملبے سے نکالا۔ زخمیوں میں 35سالہ خاتون سلمیٰ ظہیر، دو بچے پانچ سالہ ربیعہ نوید اور تین سالہ محمد علی شامل ہیں جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں سمبڑیال وگرد و نواح میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ سیوریج کے ناقص انتظام کے باعث پرانا مین بازار چند منٹ کی بارش سے تالاب کا سماں پیش کرنے لگ گیا۔ سیالکوٹ تھانہ اگوکی کے علاقہ موضع دھتل میں بارش کے باعث جانوروں کے باڑے کی چھت گر گئی ، ملبے تلے تب کر ایک گائے ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگئی۔

مزیدخبریں