پشاور+ ہنگو (آن لائن) ایف آر پشاور کے علاقہ حسن خیل کے پہاڑوں میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر گن شپ ہیلی کاپٹروں سے بمباری کی گئی۔ گزشتہ دنوں بھی پشاور کے نواحی علاقوں ایف آر پشاور میں پانچ عسکریت پسند بھی جاں بحق ہوئے تھے۔ ایف آر پشاور کے علاقے میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی بمباری کے بعد امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر پشاور کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ علاوہ ازیں ہنگو میں پولیس موبائل گاڑی پر شدت پسندوں کی فائرنگ، 2اہلکار زخمی ہو گئے، پولیس کے سرچ آپریشن میں 14افراد گرفتار کر لئے گئے۔ تھانہ صدر پولیس موبائل گاڑی حسب معمول گشت پر جا رہی تھی کہ بڑھ عباس خیل کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے موبائل گاڑی پر فائرنگ کی۔