لاہور (احسان شوکت سے) لاہور پولیس کی سٹی ڈویژن جرائم پیشہ افراد کا گڑھ بن گئی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق 1245 جرائم پیشہ عناصر پولیس کی ملی بھگت سے لوگوں کو لوٹنے، منشیات فروشی، قحبہ خانے، جوئے کے اڈے چلانے کے علاوہ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سٹی ڈویژن لاہور میں جرائم میں بازی لے گئی ہے۔ سٹی ڈویژن میں شامل 22 تھانوں اسلام پورہ، نیو انارکلی، لوئر مال، داتا دربار، بھاٹی گیٹ، ٹبی سٹی، مستی گیٹ، یکی گیٹ، رنگ محل، اکبری گیٹ، لوہاری گیٹ، نولکھا، گوالمنڈی، موچی، گیٹ، شاہدرہ، شاہدرہ ٹائون، شفیق آباد، راوی روڈ، بادامی باغ، لاری اڈا، مصری شاہ، تھانہ شادباغ اور 2 پولیس چوکیوں سگیاں اور سبزی منڈی کے علاقے جرائم پیشہ افراد کی سرگرمیوں کی آماجگاہ بن چکے ہیں۔ حساس اداروں کی رپورٹ کے مطابق سٹی ڈویژن میں 402 منشیات فروش، 319 جوئے کے اڈے، 82 قحبہ خانے، 50 قبضہ گروپ، 18ڈکیت گینگ، 6 جیب تراش گروہ، 22نوسر بازگروہ اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ پولیس اپنا حصہ لے کر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ اس صورتحال پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ڈویژن میں ایماندار افسر کو تعینات کیا جائے جو جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کر سکے۔