کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) شہر قائد میں بدامنی کا تسلسل جاری رہا۔ بدھ کو مختلف علاقوں میں 5 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انگارہ گوٹھ ڈاکخانہ کے قریب تین ہٹی پل کے نیچے سے 40 سالہ عمران عرف حکیم کی تشدد زدہ لاش ملی۔ پولیس کے مطابق اسے اغوا کے بعد تشدد کرکے سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا۔ لیاقت آباد خاموش کالونی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 45 سالہ شوکت علی ہلاک ہو گیا۔ کورنگی ڈھائی نمبر میں نجی بینک کے قریب کچرا کنڈی سے 30 سالہ نامعلوم شخص کی نعش ملی۔ ادھرپیر آباد پولیس نے منگھو پیر روڈ سے راہ گیروں کو لوٹنے والے ڈاکو ابراہیم کو مقابلے کے بعدزخمی حالت میں گرفتار کرلیا اور ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی بر آمد ہوا۔ نیوکراچی سے گرفتار ملزم عرفان عرف عاشی سب انسپکٹر عالمگیر کے قتل میں ملوث ہے۔ ادھر ڈیفنس کے علاقے خیابان سرور میں فائرنگ سے ایک شخص جبکہ دوسرا اورنگی ساڑھے 11 سیکٹر میں قتل ہوا۔ دونوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔ دوسری طرف ایس آئی ٹی ویسٹ پولیس نے اورنگی ٹاؤن 4 نمبر سیکٹر 4-F رحمن بابا گراؤنڈ میں چھاپا ماکر لیاری گینگ وار مایا گروپ کے ٹارگٹ کلر ظہیر عرف بابا، جمیل، فدا عبداللطیف اور اظہر کو گرفتار کر لیا۔ ملزموں کے قبضے سے 4عدد ٹی ٹی پستول اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزموں نے دوران تفتیش پولیس افسران واہلکاروں کو قتل کرکے ان کا سرکاری اسلحہ چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزموں نے دوران تفتیش اس بات کا بھی اعتراف کیا ہے کہ ان کا گروپ 10 سے 12 افراد پر مشتمل ہے جوکہ آتش پرستی کرتا ہے۔ ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے۔