پنجاب: سرکاری ہسپتالوں میں سوائن فلو کے ممکنہ مریضوں کیلئے علیحدہ وارڈز بنانے کی ہدایت

لاہور (نیوز رپورٹر) محکمہ صحت پنجاب نے سوائن فلو کے ممکنہ مریضوں کے پیش نظر پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں کو خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔ محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ ابھی تک پنجاب کے کسی بھی شہر میں سوائن فلو کے مریض سامنے نہیں آئے۔ ایک خاص قسم کے جانور سے یہ وائرس لگتا ہے اس لئے ہمارے ہاں اس قسم کا کوئی بھی مریض سامنے نہیں آیا۔ کچھ روز قبل ایک مریض لاہور کے نجی ہسپتال میں رپورٹ ہوا جو ایچ ون این ون (انفلوائینزا بخار) کا مریض تھا۔ جاری کئے گئے الرٹ میں ہدایات کی گئی ہیں کہ ہسپتالوں میں علیحدہ وارڈز کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹرز بھی مکمل تربیت یافتہ ہیں، ہر ہسپتال میں علیحدہ وارڈز بنائے جارہے ہیں۔ ٹیمی فلو کی گولیوں کا سٹاک ہمارے پاس موجود ہے اس لئے کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے۔ محکمہ صحت پنجاب تمام ممکنہ حالات سے نمٹنے کے لئے بالکل تیار ہے۔ انہوں نے بتایا سوائن فلو کی صرف افواہیں ملی ہیں، شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

ای پیپر دی نیشن