کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کی تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی اور ایم کیو ایم کے رہنما وسیم آفتاب اور شاہد لطیف بھی گھوسٹ ملازم نکلے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وسیم آفتاب عباسی شہید ہسپتال میں گریڈ 19 کے عہدے پر تعینات ہیں۔ وسیم آفتاب رابطہ کمیٹی کے رکن رہ چکے ہیں جبکہ شاہد لطیف سوبھراج ہسپتال میں گریڈ 19 کی آسامی پر تعینات ہیں۔ دونوں افراد ماہانہ ایک لاکھ روپے سے زائد تنخواہ وصول کررہے ہیں اور گزشتہ تین ماہ سے چھٹیوں پر ہیں جبکہ حماد صدیقی بھی رفیقی شہید ہسپتال میں گریڈ 19 کے افسر ہیں۔ حماد صدیقی کی تنخواہ 40 ہزار 6 سو روپے ہے جو ہر ماہ ان کے اکائونٹ میں جمع ہوتی ہے۔ حماد صدیقی 22 مئی 2013ء کو کراچی سے دبئی چلے گئے تھے۔