سرینگر (آن لائن + کے پی آئی) مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے بزرگ حریت رہنما اور حریت (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا کہ اس دیرینہ مسئلے کی جوں توں کی صورت حال ناقابل قبول ہے ۔ پنڈتوں کے لئے ہوم لینڈ اور مربوط ٹائون شپ کے قیام کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ مفتی حکومت آر ایس ایس کے ایجنڈا پر عمل پیرا ہے لیکن کشمیری عوام اس کی شدید مزاحمت کرے گی ۔حیدر پورہ میں اپنی رہائش گاہ کے قریب ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علی گیلانی نے کہا کہ آر ایس ایس کشمیر میں اپنا ایجنڈا عملا رہی ہے اور اس کے لئے مقامی حکومت کو استعمال میں لایا جا رہا ہے۔ مفتی محمد سعید بار بار مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بیانات دیتے رہتے ہیں لیکن میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ان کے نزدیک مسئلہ کشمیر کا حل کیا ہے گیلانی کا کہنا تھا کہ ہند نواز جماعتیں کشمیری عوام کو دھوکہ دیتی ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل کا بہانہ بنا کر نت نئے راگ الاپتی ہیں۔ علی گیلانی کا کہنا تھا کہ کشمیر ایشو ایک سرحدی تنازعہ نہیں ہے بلکہ یہ سوا کروڑ عوام کے مستقبل کا مسئلہ ہے جس کے لئے ہمیں نہ ہی شملہ معاہدہ اور نہ ہی لاہور اعلامیہ منظور ہے مسئلہ کشمیر کا واحد اور منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت استصواب رائے ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے وزیر اعلی مفتی محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور اسے حل کرنے کے لئے تمام متعلقین کواعتماد میں لینا ضروری ہے۔ انہوں نے ترال واقعے کو بد قسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ چھتر گام واقعہ کی طرح اسکی نہ صرف تحقیقات کی جائے گی ۔بلکہ اصل حقیقت کاپتہ لگایا جائیگا ۔ان کا کہنا تھا کہ حریت رہنمائوں کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ میں آپکا موقف سمجھتا ہوں، اسے بھی مان لینا چاہیے،ان کیساتھ بھی بات چیت ہونی چایئے۔ پاکستان کیساتھ تعلقات بھی ہمیں چاہئیں۔دوسری جانب لائن آف کنٹرول کو بین الاقوامی سرحد میں تبدیل کرنے کو کشمیر کا سب سے زیادہ پائیدار حل قرار دیتے ہوئے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جغرافیائی حدود کی تبدیلی یا علاقوں کی مزید تبدیلی نا ممکن ہے۔ انہوں نے زوردیکر کہا کہ تنازعہ کشمیر کی جوں کی توں صورتحال برقرار رکھنا کسی بھی طور مناسب نہیں ہے بلکہ بھارت اور پاکستان کو اپنے روایتی موقف سے ہٹ کر اس کے پائیدار حل کیلئے کوششیں کرنا ہونگی۔ ادھر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی چیئرمین شبیر احمد شاہ نے حریت پسند عوام سے آج شہدائے ترال کیلئے ترال میں منعقد ہورہے تعزیتی جلسے میںجدوجہد آزادی کو جاری رکھنے کے لئے تجدید عہد کرنے کی مخلصانہ اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ان معصوموں کے مقدس خون کو کسی بھی صورت میں ضائع ہونے نہیں دیں گے۔
مسئلہ کشمیر کا حل استصواب رائے ہے: علی گیلانی‘ حریت کانفرنس کا موقف مان لینا چاہئے: مفتی سعید
Apr 17, 2015