لاہور (سپورٹس ڈیسک) کرکٹ ویب سائٹ کرکٹ آسڑیلیا پر دنیا کے بہترین ون ڈے کھلاڑی کے چناؤ کیلئے آن لائن ووٹنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ آن لائن ووٹنگ میں دنیا بھر سے 64 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے ‘ پاکستان کے سعید انور، وسیم اکرم جاوید میانداد، عمران خان، وقار یونس، شعیب اختر شامل ہیں اور اب تک کی ہونیوالی ووٹنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا پلڑا بھاری ہے۔سابق کپتان عمران خان کے مدمقابل نیوزی لینڈ کے رچرڈ ہڈیلے ہیں جنہیں اب تک صرف 21 فیصد اور عمران خان نے 79 فیصد ووٹ حاصل کیے۔راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کو اب تک 52 فیصد ووٹ ملے جب کے ان کے مقابلے میں بریٹ لی کو 48 فیصد ووٹ ملے۔جاوید میانداد کو اب تک 70 فیصد ووٹ ملے اور ان کے مقابلے میں بھارت کے اظہرالدین کو صرف 30 فیصد ووٹ ملے۔سعید انور نے آن لائن ووٹنگ میں بھارت کے سارو گنگولی کو مات دی ہوئی ہے اور وہ 56 فیصد کے ساتھ آگے ہیں۔لیجنڈ بولر وسیم اکرم نے مچل سٹارک کے مقابلے میں 77 فیصد ووٹ حاصل کیے۔وقار یونس نے 73 فیصد ووٹ حاصل کیے اور مدمقابل مچل جونسن کو 23 فیصد ووٹ پڑے۔ پہلے مرحلے میں 64 ‘ دوسرے میں 32 ‘ تیسرے میں 16 ‘ چوتھے میں 8 اور پانچویں میں 4 کھلاڑی شامل ہونگے۔ ان چار کھلاڑیوں میں سے ایک کا نام فائنل کیا جائے گا جو دنیا کا بہترین ون ڈے کھلاڑی ہو گا۔
دنیا کے بہترین کھلاڑی کا چناؤ، مقابلے میں پاکستانی کرکٹرز سب سے آگے
Apr 17, 2016