جہلم+ ڈونگہ بونگہ+ کنگن پور+ وہاڑی (نامہ نگاران) جہلم، ڈونگہ بونگہ، وہاڑی اور کنگن پور میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، پانی کی بھی قلت، شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ جہلم میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے تاجر برادری اور شہری سراپا احتجاج بن گئے، کاروباری زندگی تباہ، مزدور بے روزگار ہونے لگے، تاجروں کے گھروں میں بھی فاقے، عوامی زندگی سخت مشکلات کا شکار ہو گئے۔ اکثر علاقوں میں پانی بھی غائب، نمازیوں کو وضو کے لیے بھی پانی نصیب نہ ہوا۔ گرمی کی شدت بڑھتے ہی واپڈا نے آنکھ مچولی شروع کر دی۔ وولٹیج کم زیادہ ہونے کی وجہ سے کئی جگہوں پر لوگوں کا الیکٹرانک سامان جل گیا۔ تاجر برادری کا کہنا ہے گرمی کے آغاز میں ہی لوڈشیڈنگ میں اس قدر اضافہ کیا جا رہا ہے تو آئندہ ہمارے ساتھ کیسا سلوک کیا جائے گا۔ ڈونگہ بونگہ اور نواحی علاقوں میں شدید گرمی اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے لوگوں کو پریشان کر دیا۔ پینے کے پانی کی بوند بوند کو عوام ترس گئے لوگوں نے اس پر شدید احتجاج کیا۔ کنگن پور میں 20گھنٹے مسلسل بجلی کی بندش سے اہلیان شہر کی چیخیں نکل گئیں۔ گرمی کی شدت اور پانی کی قلت نے عوام کا جینا محال کر دیا۔ جمعہ شب 7:15بجے بجلی کو بند کیا گیا اور گز شتہ دنوں واپڈا ملازمین کیخلاف ہونے والی ایف آئی آر کو وجہ عناد بنا کر صرف شہرکے فیڈر کو ہفتہ سہ پہر 2:30بجے تک بند رکھا گیا۔ ڈیوٹی پر مامور لائن سپرنٹنڈنٹ محمد اسماعیل کی نگرانی میں مین لائن پر لوہے کی تاریں ڈال کر مختلف جگہوں پر فالٹ پیدا کئے گئے اور ایف آئی آر کا بہانہ بنا کر ڈیوٹی پر مامور تمام ملازمین کو موبائل بند کر کے فرار کروایا گیا۔ ذرائع نے بتایا اس تمام سازش میں ایس ڈی او سب ڈویژن کنگن پور حسن رضا، گرڈ انچارج عبدالغفور خاں، اسسٹنٹ انچارج الیاس خاں شامل ہیں اور یونین لیڈر ملک سرور و دیگر نامعلوم یونین لیڈرز اس سازش کا سرغنہ ہیں۔ واپڈا ملازمین کے ستائے شہریوں نے رات سڑکوں پر بسر کی اور دن مایوسی میں گزارا۔ واپڈا ملازمین عوام کو پرتشدد احتجاج اور توڑ پھوڑ پر اکساتے رہے لیکن عوام نے قانون ہاتھ میں لینے سے انکار کرتے ہوئے ارباب اختیار سے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دن بدن اضافہ ہونے لگا تاجروں، مریضوں بچوں اور خواتین کی پریشانی اور مشکلات میں اضافہ ہونے لگا۔ عوامی و سماجی اور شہری و کاروباری حلقوں اسرار، اکرام علی، شریف، خان محمد، نیاز علی، محمد اعجاز، سلطان محمود، عظمت علی اور دیگر نے احتجاج کرتے بتایا گرمی کے موسم میں اضافہ کے ساتھ ہی واپڈا والوں نے اپنا کام دکھانا شروع کر دیا ہے۔ حکومت سے مطالبہ کیا ہے فی الفور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے۔
جہلم، ڈونگہ بونگہ، وہاڑی اور کنگن پور میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، شہری سراپا احتجاج
Apr 17, 2016