بھمبر (آئی این پی) وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان لندن میں زیک گولڈ سمتھ کی مہم چلانے گئے ہیں، انکی پاکستانیت کب جاگے گی۔ آزاد کشمیرکے ضلع بھمبر میں پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا عوام کے تعاون سے آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت مسلم لیگ (ن) کی ہوگی۔ بدقسمتی سے پاکستان کی ترقی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نے آزادکشمیر میں عوام کے منڈیٹ کا احترام کیا، نوازشریف اصولوں کی سیاست کرتے ہیں، خبروں کے ذریعے نوازشریف کیخلاف سازشوں کی طویل داستان ہے، نوازشریف کیخلاف سازشیں نہ ہوتیں تو آج پاکستان ترقی کی منازل طے کرچکا ہوتا۔ انہوں نے کہا مخالفین میڈیا کو اپنے منفی مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں، پاکستان کے لوگ نوازشریف کو دیکھتے ہیں توانہیں مضبوط، مستحکم اور ایٹمی پاکستان نظر آتا ہے، نوازشریف کی قیادت میں لوگ لوڈشیڈنگ سے پاک پاکستان دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا عمران خان لندن میں زیک گولڈ سمتھ کی مہم چلا رہے ہیں، عمران خان لندن میں پاکستان کیخلاف غیر پاکستانی کیلئے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ ڈاکٹروں نے نوازشریف کا طبی معائنہ کیا ہے، وزیراعظم کی تکلیف میں کمی آرہی ہے، ڈاکٹروں نے نوازشریف کو پرامید رپورٹ دی ہے۔