انتشار پھیلانے والے بیانات سے قوم مایوس ہو چکی‘ اب بہکاوے میں نہیں آئیگی: سعد رفیق

Apr 17, 2016

ملتان( سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے گزشتہ روز بھی ملتان میں مصروف دن گزارا۔ گزشتہ روز بھی ساہیوال روانگی سے قبل خواجہ سعد رفیق سے لیگی رہنماو¿ں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔ بعد ازاں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ انتشار پھیلانے والے بیانات سے قوم مایوس ہوچکی ہے۔ اب لوگ بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ میاں نواز شریف علاج کیلئے لندن گئے ہیں۔ صحت یاب ہوکر جلد وطن واپس آئیں گے اور پہلے سے دگنا کام کریں گے۔ جوڈیشل کمشن کے قیام کو روکنے کیلئے ججز پر تنقید کی جارہی ہے۔ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما پی پی 194کے ٹکٹ ہولڈر ملک انور کے بیٹے ملک فرمان کی شادی مبارکباد دینے کیلئے ان کی رہائش گاہ آمد پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر چوہدری عبدالوحید ارائیں، سابق ایم این اے شیخ طارق رشید، ایم پی اے حماد نواز ٹیپو، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی امتیاز گلزار چٹان، ملک تنویر، زاہد عدنان گڈو، اعجاز فخر، رانا اشتیاق، کوثر شاہ، عبدالقادر، تسلیم خان ودیگر بھی موجود تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف نے کمشن بنانے کیلئے پہلے بھی 126دن کا دھرنا دیا۔ بدکلامی سے کمشن نہیں بنتا۔ اپوزیشن جماعتیں جوڈیشل کمشن بننے دیں سچائی سب کے سامنے آجائے گی۔ اگر حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے مابین کمشن کے قیام پر اتفاق ہوجائے تو ایک دو ماہ میں دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہوجائے گا۔ مسلم لیگ (ن) لیبرونگ( شعبہ خواتین) ملتان ڈویژن کی آرگنائزر سمیرا اقبال خان اور سینئر نائب صدر ڈاکٹر ملکہ تبسم سے سرکٹ ہاو¿س میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ عمران خان اخلاقی دیوالیہ پن کاشکار ہیں۔ ان کی بدتمیزی کی وجہ سے کوئی معزز جج پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے کمشن کا سربراہ بننے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز نے پاکستان سے ایک روپیہ بھی بیرون ملک منتقل نہیں کیا۔ حسن اور حسین نواز جو بھی کمشن بنے گا اس کے سامنے پیش ہوکر اپنی صفائی پیش کریںگے۔ مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے رہنما زاہد عدنان گڈو اور یوسی چیئرمین اعجاز فخر نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ورکرز کو ہمیشہ اپنے سینے سے لگایا۔ پارٹی ورکرز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کو دیوار سے نہیں لگنے دیں گے۔ آمریت کے دور میں پارٹی کیلئے قربانیاں دینے والے ورکرز کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

مزیدخبریں