کراچی (صباح نیوز) پاکستان سٹیل ملز انتظامیہ جون دو ہزار پندرہ کے بعد دوبارہ بھرتی کئے جانے والے کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کرے، نجکاری کمشن کا کہنا ہے حکومت پینتالیس کروڑ روپے ماہانہ تنخواہوں کا بوجھ برداشت نہیں کر سکتی۔ نجکاری کمشن کے چیئرمین محمد زبیر نے وزارت صنعت و پیداوار کے سیکرٹری کو بتایا ہے سٹیل ملز میں پیداوار دوہزار پندرہ سے مکمل بند ہے، ہزاروں ملازمین کو ہر ماہ پینتالیس کروڑ روپے ادائیگی ملکی خزانے پر بوجھ ہے، مالی بوجھ کم کرنے کے لئے جون دو ہزار پندرہ کے بعد دوبارہ بھرتی کئے جانے والے کنٹریکٹ ملازمین کو فوری فارغ کیا جائے۔ جب تک ان ملازمین کو نکالا نہیں جائے گا اس وقت تک آئندہ تنخواہوں کے لئے رقم جاری نہیں کی جائے گا۔ ادھر سٹیل ملز انتظامیہ کا کہنا ہے اس سلسلے میں نجکاری کمشن سے فی الحال کوئی ہدایت نہیں ملی، جون دو ہزار پندرہ کے بعد سینکڑوں ریٹائرڈ ملازمین کی بھرتیاں کی گئی تھیں، ادارے کے ریگولر اور کنٹریکٹ ملازمین کی تعداد پندرہ ہزار کے قریب ہے۔
سٹیل ملز سے کنٹریکٹ ملازمین کو فارغ کیا جائے: نجکاری کمشن کا مطالبہ
Apr 17, 2016