سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچ گئے، رسومات ادا کیں

Apr 17, 2016

ننکانہ صاحب (نامہ نگار) بیساکھی میلہ میں شرکت کے لئے 2 ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتریوں سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتری گزشتہ رات خصوصی ٹرینوں کے ذریعے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچ گئے، ریلوے سٹیشن پر ڈی پی اوننکانہ رانا ایاز سلیم، ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ وہاب گل، ٹی ایم او ننکانہ امجد حسین ڈھلوں، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ میاں رفیق احسن، ڈی او سوشل ویلفیئر محمد مبشر ربانی سمیت دیگر ضلعی افسران نے بھارتی سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ سکھ یاتریوں نے گورودوارہ جنم استھان میں اکھنڈ پاٹھ کی رسم کے ساتھ تقریبات کا باقاعدہ آغاز کیا، سکھ یاتری اکھنڈ پاٹھ کی رسم کے علاوہ متھاٹیکی، ارداس، شبدکیرتن اور اشنان کی رسومات ادا کر رہے ہیں، سکھ یاتری گورودوارہ جنم استھان سمیت شہر میں موجود ساتوں گورودواروں کی یاترا کرنے کے علاوہ گورودواروں میں متھاٹیکی کی رسم بھی ادا کر رہے ہیں۔ سکھ یاتریوں کی سکیورٹی کے لئے 14سو سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ گورودوارہ جنم استھان کی طرف جانیوالی شاہراہ کو مکمل طور پر بند کر کے ہر قسم کی ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔ دریں اثناء 1947 سے بند گوردوارہ پانچویں اور چھٹی پاتشاہی کو تزئین و آرائش کے بعد سکھ برادری کے حوالے کر دیا گیا اس موقع پر اس تقریب کا انعقاد کیا گیس جس میں متروکہ وقف املا ک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق، پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے چیئرمین سردار تارا سنگھ، جنرل سیکرٹری سردار گوپال سنگھ چاولہ، بیساکھی فیسٹول میں آئے ہوئے بھارتی سکھ یاتریوں کے جتھہ لیڈر سردار رگبیر سنگھ، ورلڈ سکھ مسلم فیڈریشن کے چیئرمین سردار منموہن سنگھ، سیکرٹری شرائن خالد علی، ڈپٹی سیکرٹری شرائن محمد عمران گوندل سمیت دیگر افسران اور سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدیق الفاروق نے کہا کہ یہ وزیر اعظم کی ہدایت پر کچھ روز قبل ہم نے گوردوارہ بیبا سنگھ پشاور کو سکھ قوم کو حوالے کیا، صرف 17 روز کے بعد ہم نے گوردوارہ پانچویں چھٹی پاتشاہی کو تزئین و آرائش کے بعد سکھ قوم کے حوالے کر دیا ہے جس سے مجھے بہت خوشی ہوئی۔ اس موقع پر انہوں نے 6 ماہ میں گوردوارہ کیا رہ صاحب اور بابا گورونانک انٹر نیشنل یونیورسٹی کے سنگ بنیاد رکھنے کا بھی اعلان کیا۔ علاوہ ازیں تقریبات میں شریک سکھ مرد اور خواتین نے صحافیوں کو بتایا کہ حکومت پاکستان نے ہمارے لئے جو سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کئے ہیں وہ قابل تعریف ہیں، یہاں کے لوگوں کا پیار بھی قابل ستائش ہے جب ہم بھارت میں تھے تو وہاں پر پاکستان میں سکیورٹی کے متعلق طرح طرح کی باتیں کی جارہی تھی اور ہمیں خوفزدہ کیا جارہا تھا وہاں پر بہت دہشت گردی ہے لیکن پاکستان پہنچنے پر ہم خود کو یہاں بھارت سے بھی زیادہ محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں