اسلام آباد (صباح نیوز) قومی وطن پارٹی کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں خیبر پی کے کی سیاسی جماعتوں نے وفاقی حکومت سے مردم شماری کیلئے تاریخ مقرر کرنے کا مطالبہ کردیا۔ سیاسی رہنمائوں نے مردم شماری ملتوی کرنے کے فیصلے کو وفاقی حکومت کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکامی قرار دیدیا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے مردم شماری کے عمل کو ایک بار پھر ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف قومی وطن پارٹی کی جانب سے پشاور میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد کی گئی جس میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک سمیت اے این پی‘ جے یو آئی‘ پیپلزپارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ اعلامیے کے مطابق وفاق نے تین لاکھ فوج کی عدم دستیابی کو بہانہ بنا کر مردم شماری ملتوی کی ہے جو اہم قومی مسئلے سے پہلوتہی کیساتھ ساتھ آئینی ذمہ داری سے نبردآزما ہونے میں ناکامی کے بھی مترادف ہے۔ ملک میں شفاف طریقے سے مردم شماری کرائی جائے جس سے چھوٹی قومیتوں اور صوبوں میں پائے جانیوالے احساس محرومی کا خاتمہ ہو سکے گا۔ اے پی سی کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ ملکی وسائل کی تقسیم بھی آبادی کے تناسب سے کی جائے۔