کوئٹہ (آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ پاکستان مضبوط ہے اور ہمیشہ رہیگا۔ پاک فوج کیساتھ ملکر بلوچستان میں امن قائم کریں گے، بلوچ پاکستان کے دفاع کیلئے ہر لمحہ تیار ہیں، بلوچ قربانیاں دیکر پاکستان کو محفوظ بنائیں گے، محب وطن قبائل کی موجودگی میں پاکستان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ ہم ملک دشمن عناصر کے خواب پورا ہونے نہیں دیں گے۔ کچھ لوگ باہر بیٹھ کر ’’را‘‘کے پیسوں سے بلوچ نوجوانوں کو بہکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ براہمداغ بگٹی نے اگر سیاست کرنی ہے تو پاکستان میں آئیں۔ بلوچستان میں بیٹھیں عوام نے بندوق اور تشدد کے نظرئیے کو مسترد کر دیا ہے۔ گذشتہ روز وزیر اعلی بلوچستان ثنا اللہ زہری نے بلوچستان کے علاقے انجیرا میں زہری نے اپنے بھائی، بھتیجے اور بیٹے کی تیسری برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کیلئے قربانیاں دینی پڑی تو دریغ نہیں کریں گے۔دریں اثنا کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری، صوبے کے سردار، نواب ، معتبرین اور عوام کے تعاون اور کوششوں سے بلوچستان کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ 2013ء کے مقابلے میں آج امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے اور امن کا یہ سفر جاری رہیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تخت جھالاوان زہری میں شہدائے زہری کی تیسری برسی کے موقع پر منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔