سری نگر (کے پی آئی/اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں پانچ شہریوں کی شہادت کے خلاف ہفتے کو مسلسل چوتھے روز بھی ہڑتال سے کاروبار زندگی معطل ہو کر رہ گیا اس دوران تمام بڑے شہر کرفیو کی زد میں رہے حریت قیادت بدستور نظر بند اور گرفتار، موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہی جبکہ سرینگر، ہند وارہ، کپوارہ، ترال، کنگن، بارہمولہ، لنگیٹ، کرالہ گنڈ، کو لنگام، زچلڈارہ، ماگام، ہری، لالپورہ، درگمولہ، ترہگام، ملیال اور کرالہ پورہ سمیت درجنوں مقامات پرپر تشدد مظاہرے ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق ہڑتال کی اپیل حریت کانفرنس گ کے چیرمین علی گیلانی اور دوسرے رہنماوں نے دی تھی ۔ ہمہ گیر ہڑتال کے دوران شمال و جنوب میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ بھارتی فورسز نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس شلنگ، مرچی گیس، پلٹ بندوقوں کا استعمال کیا جبکہ کئی مقامات پر فورسز کو مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوا میں گولیوں کے کئی راونڈ چلانے پڑے۔مشتعل مظاہرین نے ہری اور کرالہ پورہ کپواڑہ میں 2فوجی بنکروں کو نذر آتش کیا جبکہ ملیال کپوارہ میں بی ایس ایف گاڑی کی توڑ پھوڑ کی گئی جبکہ بانڈی پورہ اور ترال میں سی آر پی ایف کیمپوں پر دھاوابولنے کی کوشش کی گئی۔دن بھر مشتعل مظاہرین اور فورسز کے درمیان جاری رہنے والی پر تشدد جھڑپوں میںایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور 30فورسز اہلکاروں سمیت 60سے زائد افراد زخمی ہوگئے جن میں سے کئی ایک کی حالت نازک ہے۔ فورسز نے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا سید علی گیلانی،محمد یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق سمیت کئی سرکردہ رہنما نظر بند رہے بیشتر اضلاع اور قصبہ جات میں مکمل ہڑتال کے نتیجے میں روز مرہ زندگی کا نظام بدستور چھوتے روز بھی ٹھپ رہا۔ کپواڑہ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے طالبعلم عارف حسین ڈار کو گزشتہ روز سپرد خاک کردیا گیا۔ جماعتی حریت کانفرنس علی گیلانی صحت ناسازی کے باوجود گھر میں نظر بند رہے۔ فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے لگاتار ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے تمام حدیں پار کرلی ہیں اور یہاں شہریوں کے قتل عام کا انہیں لائسنس دیا جاچکا ہے۔ مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ہندواڑہ ہلاکتوں کی تحقیقات کیلئے عدالت عالیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ بھارتی فوج نے نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر کی قیادت میں وفد کو کپواڑہ جانے سے روک دیا۔ شہریوں کی شہادتوں پر وفد علاقے کا دورہ کرنا چاہتا تھا۔ حریت کانفرنس ع کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہند واڑہ کے خونین واقعات میں نہتے کشمیریوں کی شہادت کا سنجیدہ نوٹس لے۔ ادھر آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نے مقبوضہ کشمیرکے ضلع کپواڑہ میں بے گناہ شہریوں کے قتل اور ایک کم عمر لڑکی کی تھانے میں نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کو بھارتی پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسد الدین اویسی نے سرینگر میں قائم ایک نیوز ایجنسی کو انٹریو دیتے ہوئے بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ لوگوں کا قتل بند کرے۔ انہوں نے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے بھی کہا کہ وہ شہریوں کے قتل کا موثر نوٹس لیں۔کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا شہریوں کی شہادت ناقابل قبول ہے۔ اجلاس سے خطاب اور نوجوانوں کے لواحقین سے ملاقات میں یہ بات کہی۔ انہوں نے بھارتی وزیردفاع پاریکر کو فون کیا اور آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہودا سے ملاقات کی اور کہا ایسے واقعات قبول نہیں۔ امن بحالی کی کوششوں کیلئے دھچکا ہے۔
مقبوضہ کشمیر :ہندواڑہ میں 5 افراد کی شہادت کیخلاف چوتھے روز بھی ہڑ تال مظاہرے متعدد زخمی و گرفتار
Apr 17, 2016