راولپنڈی‘ لاہور (آئی این پی +صباح نیوز) آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیاں جاری،سکیورٹی فورسز نے اورکزئی ایجنسی،کرم ایجنسی،پارہ چنار میں آپریشن کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود،دستی بم،مارٹر گولے،مواصلاتی آلات اور بارودی مواد برآمد کرلیا،کارروائیاں خفیہ مصدقہ اطلاعات پر کی گئیں۔اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔سکیورٹی فورسز نے کلایااورکزئی ایجنسی،پارہ چنار اور کرم ایجنسی میں آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔آپریشن کے دوران آئی ای ڈیز،راکٹس،بارودی مواد،مارٹرگولے،مختلف اقسام کے ہتھیار اور مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے۔کارروائیاں خفیہ مصدقہ اطلاعات پر کی گئیں۔آپریشن کے دوران کلایا میں زیرزمین سرنگیں تباہ کردی گئیں۔ٹی ٹی پی نے کلایا میں زیرزمین سرنگیں بنا رکھی تھیں۔پارہ چنار میں بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔پارہ چنار سے مواصلاتی آلات،دستی بم اور مارٹرگولے بھی برآمد کیے گئے۔بڑی تعداد میں گولہ بارود برآمد کرکے دہشتگردی کے بڑے منصوبے کو ناکام بنایا گیا۔چنیوٹ میں حساس اداروں کے اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ 2ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔ خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے محلہ گڑھا، معظم شاہ اور قاسم ٹاﺅن میں سرچ آپریشن کیا۔اس دوران 33 گھروں کی تلاشی لی گئی اور اس دوران بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا۔
ردالفساد