پنجاب کی جیلوں میں سولر پاور سسٹم کی تنصیب کا فیصلہ

Apr 17, 2017

لاہور (میاں علی افضل سے) محکمہ داخلہ پنجاب نے جیلوں کو لوڈشیڈنگ اور بجلی کے بھاری اخراجات سے محفوظ رکھنے کے لئے سولر پاور سسٹم کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے، ابتداء میں چند جیلوں میں سسٹم لگایا جائے گا جسے چند سالوں میں تمام جیلوں میں مکمل کیا جائے گا‘ فیصلہ سپیشل سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ کی سربراہی میں ہونیوالے اجلاس میں کیا گیا ہے۔ پنجاب کی جیلیں ایسے علاقوں میں بھی ہیں جہاں گرمی بہت زیادہ ہے اور درجہ حرارت بھی ہر سال بہت زیادہ ہوتا ہے۔ محکمہ جیل خانہ جات بھی بجلی کے بل کی مد میں سالانہ 62کروڑ روپے سے زائد پیسے خرچ کر رہا ہے جو کہ بہت بڑی رقم ہے اس کے ساتھ ساتھ جیلوں کی سکیورٹی کے لئے بھی بجلی کی موجودگی انتہائی ضروری ہے‘ سولر پاور سسٹم سے جہاں ایک جانب بجلی کی فراہمی یقینی ہو گی وہیں دوسری جانب بجلی کے مد میں ہونے والے کروڑوں روپے کے اخراجات کا خاتمہ اور جیلوں کے سکیورٹی بھی یقینی ہو گی۔ ابتدائی طور پر جنوبی پنجاب اور وسطی پنجاب کی چند جیلوں کو سولر پاور سسٹم پر منتقل کیا جائے گا جبکہ آئندہ چند سالوں میں تمام جیلوں کو سولر پاور سسٹم پر منتقل کرنے کی پلاننگ کی گئی ہے ۔

مزیدخبریں