لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ خطے میں امریکہ اور نیٹو کی موجودگی قیام امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، جنگ کے خاتمہ اور قیام امن کیلئے جب بھی مذاکرات ہوتے ہیں امریکہ شرارت کرکے انہیں سبوتاژ کردیتا ہے۔ خطے میں امن کیلئے ضروری ہے کہ افغانستان کو فوری طور پر افغانوں کے حوالے کرکے نیٹو فورسز خطے سے نکل جائیں۔ حکمرانوں نے لوٹ مار اور کرپشن سے قوم کا مستقبل تباہ کردیا اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے قرضوں کی ہتھکڑیاں قوم کے ہاتھوں میں پہنا دیں‘ موٹروے چوک پشاور میں یوتھ صوبائی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل تب حل ہوں گے جب ملک کا اقتدار نوجوان سنبھالیں گے۔ 2018کے انتخابات میں نوجوان ہمارا ساتھ دیں ہم ان کو خوشحال پاکستان دیں گے۔ ہم ایسا پاکستان دینگے جس میں روشنی ہوگی‘ حکمرانوں نے عافیہ صدیقی کو بیچا، ایمل کانسی کو فروخت کیا۔ یوسف رمزی کا سودا کیا، یہ ضمیر فروش ہیں۔ امریکی وزیر دفاع کے ایک ٹیلی فون پر اپنے کو کمانڈو کہنے والا جنرل پرویز مشرف فوراً جھک گیا تھا جس کا خمیازہ قوم ابھی تک بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا گزشتہ روز امریکہ نے افغانستان پر ہزاروں ٹن وزنی بم گرایا جس کو بموں کی ماں کہتے ہیں۔ یہ دراصل اسلام آباد پر حملہ ہے۔ امریکہ سے کیا گلہ اس نے تو1945ء میں جاپان پر دو ایٹم بم گرائے تھے۔ یہ ہمارے خطہ کو تباہ کرنا چاہتا ہے۔ لیکن ہمارے حکمرانوں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ ختم کرنا موجودہ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں۔ انہوں نے کہا تھاکہ اگر تین ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوئی تو نام بدل دیجئے گا لیکن چار سال ہو گئے ہیں لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہی ہوا ہے۔