ننکانہ صاحب (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) بیساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے 1429بھارتی سکھ یاتری جتھہ لیڈر سردار گورویندر پال سنگھ اور سردار بلویندر سنگھ کی قیادت میں دو خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ننکانہ صاحب پہنچ گئے، ضلعی پولیس کے علاوہ پاک رینجرز کا دستہ بھی ریلوے سٹیشن پر ہائی الرٹ رہا۔ سکھ یاتریوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچایا گیا جہاں بھارت سمیت اندرون پاکستان اور دیگر ممالک سے آنے والے تین ہزار سے زائد ہندو اور سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔ بیساکھی میلہ کی تقریبات کے موقع پر گورودوارہ جنم استھان کو جانے والے تمام راستوں پر بیرئیر اور خاردار تاریں لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ ننکانہ صاحب میں واقع ساتوں گوردواروں میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ سکھ یاتری آج ایلیٹ فورس اور پولیس کے کڑے پہرے میں گوردوارہ سچا سودا (فاروق آباد) کی یاترا کے لئے روانہ ہونگے اور وہاں پر متھا ٹیکی کی رسم ادا کرنے کے بعد واپس ننکانہ صاحب آ جائینگے۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سکھ رہنما منموہن سنگھ خالصہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کلبھوشن جاسوس کو پھانسی کی سزا دینے کے فیصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ نامہ نگار کے مطابق سکھ یاتریوں کا کہنا ہے پاکستانی عوام مہمان نواز ہیں ان کے والہانہ استقبال کو کبھی بھلا نہیں سکیں گے۔ سردار ہرمیندر سنگھ نے کہا عوام اور حکومت نے ہمیں جو پروٹوکول دیا ہمارے دیس میں ایسا پروٹوکول کسی منسٹر یا وی آئی پی کو ہی نصیب ہوتا ہے۔ سردار مرجیت سنگھ نے کہا سکھ قوم دنیا کے کسی بھی کونے میں کیوں نہ رہے ان کے دل ہمیشہ ننکانہ صاحب میں ہی دھڑکتے ہیں۔ شکنتلا دیوی نے کہا میں چاہتی ہوں بابا جی کے چرنوں میں پوری زندگی گزار دوں۔ سردار گورمیت سنگھ نے کہا ہمیں پاکستان آنے سے پہلے بھارتی حکومت کی طرف سے ڈرایا گیا پاکستان کے حالات ٹھیک نہیں آپ پاکستان نہ جائیں، مگر پاکستان میں آکر ہمیں کسی بھی قسم کا کوئی ڈر یا خوف محسوس نہیں ہو رہا بلکہ ہم پاکستان میں خود کو بھارت سے بھی زیادہ محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ سردار جسویندر سنگھ نے کہا دونوں ملکوں کی حکومتوں کو مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہئیں اور ویزا پالیسی میں نرمی کرنی چاہئے۔ بھارتیسکھ یاتریوں کے جتھہ لیڈر سردار گورویندر پال سنگھ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت پاکستان نے گورودواروں کی جس احسن طریقے سے تزئین و آرائش اور دیکھ بھال کی ہے اس پر پوری سکھ قوم وزیراعظم نواز شریف اور صدیق الفاروق کی مشکور ہے۔