اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادوو کے انکشافات کی بدولت دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے بڑے نیٹ ورک کو توڑنے کا موقع ملا ہے۔ کلبھوشن کی گرفتاری سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ بھارت بطور ریاست،پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی سرپرستی کر رہا ہے۔ نفیس زکریا نے پی ٹی وی کے پروگرام میں کل بھوشن یادو کی گرفتاری اور اس پر بھارتی ردعمل کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جاسوس کی گرفتاری، عصری تاریخ کا بہت اہم واقعہ ہے۔ اس طرح کے کسی سینئر کمانڈر کے پکڑے جانے کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ کلبھوشن کی پاکستان میں سرگرمیوں سمیت دہشت گردی کی بھارتی سرپرستی کے بارے میں اب تک 12 سے 14 مرتبہ غیر ملکی سفارتکاروں کو بریفنگ دی جا چکی ہے۔ بھارت کو عالمی برادری کے سامنے ہر ممکن حد تک بے نقاب کیا جا چکا ہے۔
کلبھوشن کی بدولت دہشت گردوں کے بڑے نیٹ ورک کو توڑنے کا موقع ملا: دفتر خارجہ
Apr 17, 2017