بلوچستان کے غیور عوام کی قربانیاں ملک و صوبے سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہیں: آئی جی ایف سی

Apr 17, 2017

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم انجم نے کہا ہے کہ بلوچستان کے غیور و بہادر عوام کی قربانیاں ملک و صوبے سے ان کی محبت کا منہ بولتا ثبوت ہیں شہدائے زہری نے جو قربانیاں دی ہیں آج صوبے میں جو ترقی اور امن کا سفر شروع ہوا ہے یہ ان قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز انجیرہ میں شہدائے زہری کی چوتھی برسی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کے مہمان خاص وزیرا علیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری تھے۔ انہوںنے کہا صوبے کے لئے پاک فوج، ایف سی، پولیس، لیویز و دیگر اداروں کی قربانیاں قابل قدر اور ناقابل فراموش ہیں۔ لیکن بلوچستان کیلئے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرکردہ شخصیات و عام آدمی کی قربانیاں لازوال ہے۔ ان قربانیوں کا یہ نتیجہ ہے کہ یہاں کا نوجوان آج باشعور ہوگیا ہے اور وہ اپنے بڑوں کے ساتھ مل کر صوبے اور ملک میں امن و ترقی کیلئے ان شہداء کی پیروی کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے شہدائے زہری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آج کا دن مناتے ہوئے اس امر کا عزم کرنا ہے کہ ہم دشمن کے بہکاوے میں نہ آئیں اور اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھیں اس یقین کے ساتھ کہ یہ کبھی بھی رائیگاں نہیں جائینگی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی دشمنوں کے اشاروں پر بدامنی پھیلانے والے عناصر نے پہلے پاک فوج سمیت دیگر سکیورٹی اداروں کو نشانہ بنانا شروع کیا اسکے ساتھ ہی صوبے کے معززین قبائلی عمائدین اور زندگی کے مختلف شعبوں کی قدآور شخصیات کو شہید کیا گیا تاکہ صوبے کے عوام میں خوف کی فضا قائم کر کے اپنی مذموم مقاصد کو پورا کیا جاسکے لیکن ہمیں فخر ہے کہ صوبے کے غیور اور بہادر قبائلی عوام نے کسی قسم کے خوف میں مبتلا ہونے کی بجائے انتہائی دلیری سے صوبے اور ملک کا ساتھ دیا اور دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج صوبے میں جو امن ہے وہ پاک فوج ، ایف سی اور دیگر سیکورٹی اداروں کی بدولت سمجھا جا رہا ہے لیکن حقیقت میں یہ امن صوبے کے عوام کی بہادری ، دلیری اور قرنانیوں اور انکے شعور کی بدولت ہے جس پر پاک فوج ، ایف سی اور دیگر سیکورٹی ادارے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

مزیدخبریں