وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مضبوط اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری چاہتا ہے،بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں،افغان بحران کے حل میں پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے،حکومت نے ملک سے انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اتفاق رائے پیدا کیا،عالمی برادری پاکستان میں ترقی کے عمل کا اعتراف کرتی ہے،پاکستان امریکہ اور دنیا کے ساتھ کاروبار کرنے کیلئے تیار ہے،پاکستان خطے میں امن وسلامتی کیلئے نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔امریکی قومی سلامتی کے مشیر ایچ آر میک ماسٹر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ عالمی برادری پاکستان میں ترقی کے عمل کا اعتراف کرتی ہے،حکومت نے ملک سے انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اتفاق رائے پیدا کیا،معاشی اصلاحات سے اعتدال و ترقی پسند اور جمہوری ملک کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ اور دنیا کے ساتھ کاروبار کرنے کیلئے تیار ہے،پاکستان امریکہ کے ساتھ مضبوط اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری چاہتا ہے،پاکستان خطے میں امن وسلامتی کیلئے نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ کام کرنا چاہتا ہے۔وزیراعظم نوازشریف نے پرامن ہمسائیگی کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور بھارت اور افغانستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری کے اقدامات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ افغان بحران کے حل میں پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے،بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں۔وزیراعظم نے پاکستان، بھارت اختلافات دور کرانے کیلئے صدر ٹرمپ کی آمادگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ کے اقدام سے خطے میں پائیدار امن و خوشحالی آئے گی۔اس موقع پر میک ماسٹر نے کہا کہ نئی امریکی انتظامیہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے،جنوبی ایشیاءاور افغانستان میں امن و سلامتی کیلئے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل ایچ آر میک ماسٹر کا قومی سلامتی کے مشیر کی حیثیت سے پاکستان کا پہلا دورہ ہے جبکہ نئی امریکی انتظامیہ کے کسی اعلیٰ عہدیدار کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔وزیراعظم نے ملاقات کے دوران ایچ آر میک ماسٹر کو امن و امان اور معاشی اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار‘ مشیر خارجہ سرتاج عزیز‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی‘ قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ اور دیگر سینئر حکومتی حکام بھی موجود تھے۔ جبکہ امریکی وفد میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیلے‘ افغانستان اور پاکستان کے لئے قائم مقام خصوصی امریکی نمائندے لوریل ملر ‘ ساﺅتھ ایشیاءکے لئے نیشنل سکیورٹی کونسل کے سینئر ڈائریکٹر مس لیزا کارٹس اور نیشنل سکیورٹی کونسل ڈائریکٹر پاکستان جان جے وائز شامل تھے۔ قبل ازیں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے امریکی قومی سلامتی کے مشیر میک ماسٹر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں خطے کی سلامتی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی، باہمی مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔ پاکستان امریکہ مل کر علاقائی امن و امان کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم کی زیرصدارت خیبر پی کے کے رہنماﺅں کا اجلاس: انجینئر امیر مقام صدر اور مرتضی جاوید عباسی جنرل سیکرٹری مقرر
وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے تحریک انصاف کی حکومت خیبر پی کے میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ(ن) خیبر پی کے میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت خیبر پی کے کے سینئر رہنماﺅں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں آئندہ انتخابات سے قبل پارٹی کو پورے ملک میں منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس حوالے سے پارٹی رہنماﺅں اور عہدیداروں سے مشاورت بھی کی جائے گی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے پارٹی رہنماﺅں سے مشاورت کے بعد انجینئر امیر مقام کو پاکستان مسلم لیگ(ن)خیبر پی کے کا صدر اور مرتضی جاوید عباسی کو جنرل سیکرٹری مقرر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے نئے مقرر کردہ عہدیدار ان مسلم لیگ (ن)کو خیبر پی کے میں مزید فعال اور مضبوط کرنے کی غرض سے تمام تر صلاحتیں بروئے کار لائیں گے۔