لاہور(آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ آئرلینڈ اورانگلینڈ کیلئے منتخب 16کھلاڑیوں کا 5روزہ تربیتی کیمپ(کل)بدھ سے شروع ہو گا۔شاہین 3 ٹیسٹ میچز کھیلنے کیلئے23اپریل کو لاہور سے براستہ دبئی انگلینڈ روانہ ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کیلئے منتخب 16کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 18 اپریل سے لاہور میں شروع ہو گا۔دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لئے اسکواڈ میں سرفراز احمد، اظہر علی ، سمیع اسلم ، حارث سہیل، بابر اعظم ، فخر زمان، امام الحق، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، شاداب خان اور محمد عامر شامل ہیں۔ نوجوان کھلاڑی محمد عباس، سعد علی، حسن علی، فہیم اشرف اور راحت علی کو بھی16رکنی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔اس سے قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے لئے مشاورت کی تھی اور پانچ روزہ کیمپ مکمل ہونے کے بعد 25 میں سے 16 کھلاڑیوں کا انتخاب عمل میں لایا گیا،قذافی اسٹیڈیم میں کیمپ کا پہلا مرحلہ ختم ہوچکا ہے جب کہ دوسرے مرحلے میں اب 16 رکنی ٹیم کا کیمپ 18 اپریل سے شروع ہوگا، قومی ٹیم 23 اپریل کو انگلینڈ روانہ ہوگی جہاں آئرلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ 11 مئی جب کہ 2 ٹیسٹ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔یاد رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ 11 سے 15 مئی تک ڈبلن میں کھیلا جائے گا۔جب کہ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز24مئی سے ہوگا اور دوسرے ٹیسٹ کا آغاز یکم جون سے ہوگا۔